Live Updates

چیئرمین نیب سے متعلق متنازعہ ٹیپ انجینئر ڈکی گئی ‘ نیب کو فوری طور پر اپنے ترجمان کے ذریعے میڈیا میں چھڑی بحث کو سمیٹنا چاہیئے ‘

اپوزیشن ایسی جعلی آڈیو ٹیپ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتی‘ سیاسی یتیموں کا ٹولہ اور سیاسی مردوں کا جمعہ بازار اپنے سیاسی مردے زندہ کرنے کیلئے حکومت اور عمران خان پر تنقید کر رہا ہے‘ عدالتی مفرور جعلی اکائونٹس‘ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے کیسز میں عدالت اور نیب کو مطمئن نہیں کرسکے ‘اب چیئرمین نیب کے حوالے سے غلط اور من گھڑت ویڈیو ٹیپ انجینئر ڈکرکے مارکیٹ میں پھینک رہے ہیں ‘ وزیر اعظم کو جان بوجھ کر اس پورے معاملے میں گھسیٹا جارہا ہے‘ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا افطار ڈنر سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

جمعہ 24 مئی 2019 22:23

چیئرمین نیب سے متعلق متنازعہ ٹیپ انجینئر ڈکی گئی ‘ نیب کو فوری طور ..
لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب سے متعلق متنازعہ ٹیپ انجینئر کی گئی ‘ نیب کو چاہئے کہ فوری طور پر اپنے ترجمان کے ذریعے میڈیا میں چھڑی بحث کو سمیٹے‘ اپوزیشن ایسی جعلی آڈیو ٹیپ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتی‘ سیاسی یتیموں کا ٹولہ اور سیاسی مردوں کا جمعہ بازار اپنے سیاسی مردے زندہ کرنے کیلئے حکومت اور عمران خان پر تنقید کر رہا ہے‘ عدالتی مفرور جعلی اکائونٹس‘ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے کیسز میں عدالت اور نیب کو مطمئن نہیں کرسکے اور اب چیئرمین نیب کے حوالے سے غلط اور من گھڑت ویڈیو ٹیپ انجینئر کرکے مارکیٹ میں پھینک رہے ہیں اور وزیر اعظم کو جان بوجھ کر اس پورے معاملے میں گھسیٹا جارہا ہے‘ وہ جمعہ کے روز مقامی ہوٹل میں سیاسی رہنما ذکریا بٹ کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے سلسلہ میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کر رہی تھیں‘ اس موقع پر پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے‘ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن عمران خان کے ساتھ بغض اور حسد کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی‘ کسی فرد کا ذاتی فعل ہو یا کوئی سازشی کارروائیاں جو کسی ادارے کے سربراہ پر دبائو ڈالنے کے لئے ہوں اس میں بھی اپوزیشن جان بوجھ کر اپنا سیاسی قد اونچا کرنے کیلئے عمران خان کو لیکر آتی ہے ‘ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ذات پر 9 ماہ میں کرپشن یا اختیارات کے ناجائز استعمال کے حوالے سے کوئی انگلی نہیں اٹھا سکا‘ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے حوالے سے حکومت کی طرف سے بڑا واضح موقف کا آچکا ہے کہ جس شخصیت کے چینل پر گفتگو آن ایئر ہوئی وہ نہ وزیر اعظم سے نوٹیفائیڈ یاان کے آفس سیکرٹریٹ میں کوئی عہدہ رکھتے ہیں‘ وہ ایک پرائیویٹ مشاورتی پراسیس میں کسی جگہ پر جہاں مطلوب ہوتے تھے وہاںمیڈیا کمیونیکیشن سٹرٹیجی کیلئے سپورٹ کرتے رہے ہیں لیکن اس کا قطعاً یہ مطلب نہیں کہ وہ کوئی شخص پاکستان کے ریاستی یا قومی اداروں کے مفادات کو زد پہنچائے اس کے کسی جگہ پر وجود کو بھی برداشت کیا جائیگا تاہم فوری طور پر وزیر اعظم نے انہیں پرائیویٹ مشاورتی پراسیس جس میں ان کی موجودگی ہوتی تھی اس پر پابندی لگادی‘ ا نہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو جانتے ہیں کہ ان پر نیب کا شکنجہ گردن کے قریب تر آتا جارہا ہے ان کو پتہ ہے کہ وہ عدالتوں کے مفرور ہیں اور عدالتوں میں نہیں آتے ان کو پتہ ہے کہ نیب کے اندر کرپشن،جعلی اثاثے بنانے‘ جعلی اکائونٹس‘ منی لانڈرنگ اور کرپشن کا بے پناہ بوجھ ن ان کے کندھوں پر ہے اس کے حوالے سے وہ عدالتوں اور نیب کو مطمئن نہیں کرسکے اور چیئرمین کے حوالے سے غلیظ‘ من گھڑت، غیرشائستہ ویڈیو ٹیپ انجینئرڈ کرکے مارکیٹ میں پھینک رہے ہیں اور ایسے کریمینل گروہ کا سہارا لے رہے ہیں جن کی وارداتوں کے پرچم پہلے ہی مارکیٹوں میں موجود ہیں لہٰذا ہم ادارے کے ساتھ کھڑے ہو کر ان کے آئینی و قانونی کردار کے اندر ان کو سپورٹ کرتے رہیں گے اور حکومت اس آئینی ادارے کے کرپشن کی حوصلہ شکنی ،عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچا نے کیلئے کردار کی سہولت کاری کا آئینی اور قانونی فریضہ ادا کرتی رہے گی‘ میڈیا بھی اس سلسلہ میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے‘ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماضی میں طاقتور شخصیات ہمیشہ اداروں کو اپنا تابع بناتی رہیں‘ وہ پاکستان چلا گیا جہاں طاقتور شخصیات اداروں کو ڈکٹیٹ کیا کرتی تھیں‘آئین اور قانون کو گھر کی لونڈی بنایا کرتی تھیں اور عدالتوں کو یرغمال بنا کر فیصلے لیا کرتی تھیں اب وہ وقت چلا گیا اب یہاں قانون کی حکمرانی ہو گی‘ پاکستان کے ادارے آزاد اور خود مختار کردار ادا کرینگے‘ ان کے اس آئینی اور قانونی کردار میں اگر کوئی بھی روڑے اٹکائے گا اور رخنہ ڈالے گا یا پریشر ڈالے گا تو حکومت ان اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہو گی‘ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ انتشار کا شکار اپوزیشن کا کوئی متفقہ بیانیہ نہیں‘شاہد خاقان عباسی انتخابات میں جانے کی بات کر رہے ہیں‘ مریم نواز کہہ ر ہی ہیں کہ وہ اس حکومت کو سہارا دے کر کھڑا رکھیں گی اور اسے گرانا نہیں چاہتی‘ شہباز نواز الگ الگ بیانیہ رکھتے ہیں‘ ان کا کاروباری اور سیاسی مفادات کے ساتھ جڑا ہوا بیانیہ ہے جہاں ان کو مفاد نظر آتا ہے وہ اپنے بیانیہ کا رخ اس طرف موڑ دیتے ہیں اور یہ تمام چیزیں ن لیگ کے اندر افراتفری کی طرف اشارہ کرتی ہیں‘ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا طریقہ واردات یہ ہے کہ اداروں کو متنازعہ بنایا جائے‘ پریشر بڑھایا جائے اور وقتی ریلیف لینے کیلئے ایسا ماحول پیدا کیا جائے لیکن ہم اپوزیشن کی ایسی سازش کو ناکام بنائیں گے اور اداروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے حوالے سے متنازعہ ٹیپ انجینئر ہوئی اور پیدا کی گئی‘ آج کی بعض لوگوں کی پریس کانفرنس بھی اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ یہ منظم واردات اور بڑا ٹارگٹڈ ایجنڈا ہے ‘ایسی ہی چیزیں مارکیٹ میں پھینکنا ن لیگ کا وطیرہ رہاہے‘ ان کے ہاتھوں اپنے اداروں کو کمزور نہیں کرینگے‘ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سوشل میڈیا ہمارے لئے چیلنجز بنا ہوا ہے‘ ڈیجٹیلائزیشن کے دور میں ہمیں محتاط ہونے کی ضرورت ہے‘ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نیذکریا بٹ کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ جو لوگ اس وقت چور دروازے سے خود کو زندہ رکھنے کیلئے سیاسی مورچوں پر کہیں نہ کہیں تقریب رونمائی کرکے دوسرے کی طفیلی سیاست کر رہے ہیں ان کیلئے پیغام ہے کہ معاشی محاذ پر عمران خان آہستہ آہستہ منزل کی جانب رواں دواں ہیں‘ روپے کی قدر میں استحکام‘ سٹاک مارکیٹ میں تیزی ظاہر کرتی ہے کہ مشکل مرحلے سے قوم نکل کر مثبت سمت رواں دواں ہے‘انہوں نے کہا کہ عوام پرامید رہیں کہ شخصیات پرستی ،ذاتی امیج بلڈنگ کا وقت گزر گیا اب یہاں عوام اور عوام کے حقوق کی سیاست ہو گی‘ انہوں نے کہا کہ سیاسی بونے اپنا قد اونچا کرنے کیلئے عمران خان پر تنقید کر رہے ہیں لیکن اگر کوئی بونا بانس پر بھی چڑھ جائے تو اس کا قد اونچا نہیں ہو گا‘ انہیں اپنی شکل شیشے میں دیکھنی چاہئے تو انہیں اس بات کا احساس پیدا ہو گا کہ کہاں عمران خان اور کہاں تخت لاہور کے قیدی‘ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر وہ لوگ تنقید کر رہے ہیں جن کا اپنا چہرہ بدبودار ہے ان کو نیب کے چھینٹے کپڑوں پر لیکر عمران خان پر انگلیاں اٹھانا زیب نہیں دیتا‘ تقریب میں سیاسی رہنماذکریا بٹ نے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کاباقاعدہ اعلان کیا۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات