Live Updates

خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں من گھڑت کہانی بیان کی

خواجہ آصف کی جھوٹ بولنے کے حوالے سے مکمل تاریخ ہے۔ خواجہ آصف کے قومی اسمبلی میں دئے گئے بیان پر جہانگیر ترین کا رد عمل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 27 مئی 2019 16:53

خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں من گھڑت کہانی بیان کی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 مئی 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے قومی اسمبلی میں خواجہ آصف کی جانب سے دئے گئے بیان پر رد عمل دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی جھوٹ بولنے کے حوالے سے مکمل تاریخ ہے۔ آج پھر اسمبلی میں من گھڑت کہانی بیان کی گئی۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے من گھڑت کہانی بیان کی کہ میں چیئرمین نیب کے خلاف پروگرام کرنے والے میڈیا چینل میں شراکت دار ہوں۔ جہانگیر ترین نے سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی میڈیا چینل میں شراکت تو دور کی بات، میرا کسی چینل میں ایک شیئر تک بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے میرے بارے میں جھوٹ پر مبنی بیان دیا انہیں چاہئیے کہ وہ اپنے اس بیان کو واپس لیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کچھ دیر قبل مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہاتھا کہ عمران خان کو تبدیل کرنے کیلئے پی ٹی آئی کے اندر لوگ بیٹھے ہیں، میں پی ٹی آئی کے ان لوگوں کا نام نہیں لے رہا لیکن اسپیکرصاحب کوپتا ہے، ہماری معاشی آزادی پرسمجھوتا ہوچکا ہے، پی ٹی آئی جتنا دیوالیہ پن کسی اورجماعت میں نہیں تھا۔

اس وقت جومعیشت کوچلا رہے ہیں ان کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں۔ آئی ایم ایف کے لوگ ہماری معیشت پربیٹھ گئے ہیں۔ وزیر خزانہ بڑے تکبرکے ساتھ یہاں بات کرتے تھے ان کو اپنی ہی حکومت نے رخصت کردیا۔ کسی سیاسی کارکن کی اس سے زیادہ تذلیل نہیں ہوسکتی جس طرح سابق وزیر خزانہ کو رخصت کیا گیا۔ اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ میں آئی ایم ایف کے لوگ بیٹھ گئے ہیں۔

اتنادیوالیہ پن کسی اورجماعت میں نہیں جتنا پی ٹی آئی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اورہمارے دورمیں نیب قوانین میں ترامیم نہیں کی گئی یہ ہماری ناکامی ہے۔ حکومت نے اپنے لوگوں کوبچانے کیلئے نیب میں بعض ترامیم تجویزکیں۔ نیب قوانین کی وجہ سے نوازشریف جیل میں قید ہیں۔ آصف زرداری، اسپیکرسندھ اسمبلی سراج درانی بھی نیب قوانین کی زد میں ہیں۔

حکومت چیئرمین نیب کوبلیک میل کرنا چاہتی ہے۔ چیئرمین نیب کے معاملے پرحکومت نے شرمناک کردارادا کیا۔ چیئرمین نیب کے معاملے پرپارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی چیئرمین نیب کے معاملے کی تحقیقات کرے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر لوگ عمران خان کوتبدیل کرنے کے لیے تیاربیٹھے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ان لوگوں کا نام نہیں لے رہا لیکن اسپیکرصاحب کوپتا ہے۔ جس پر اسپیکر نے کہا کہ مجھے پارٹی کے ان لوگوں کا نہیں پتا۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو وزیرخزانہ نہیں ملا ان کو لیزپرلینا پڑا ہے۔ موجودہ وزیرخزانہ مشرف دوراورپیپلزپارٹی دورمیں بھی رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات