یونانی جیل میں پاکستانی قیدیوں کیلئے عید پر روایتی کھانا اور مٹھائی تقسیم کیا گیا، یاور عباس

جمعہ 7 جون 2019 16:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2019ء) یونان کی ایولونا جیل میں پاکستانی قیدیوں کے لئے سفارتخانہ نے عید کے موقع پر روایتی کھانا اور مٹھائی تقسیم کی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سفارتخانہ کے حکام نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ یونان میں پاکستان کے قائم مقام سفیر یاور عباس، قونصل خانہ کے امیگریشن آفیسر صفی الله اور سفارتخانہ کے عملہ کے ساتھ خصوصی طور پر تیار پاکستانی کھانے اور مٹھائی ایولونا جیل میں قیدیوں میں تقسیم کی جبکہ قائم مقام سفیر نے قیدیوں کے ساتھ عید کی مبارکباد کا تبادلہ بھی کیا اور انہیں بتایا کہ غیر ملک میں اپنے آپ کو اکیلے نہ سمجھیں، حکومت پاکستان آپ کے مسائل سے واقف ہے اور انہیں حل کرنے کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔

اس موقع پر قیدیوں نے عید کے موقع پر سفارتخانہ سے حاصل کردہ خوراک اور تحائف پر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ پاکستان کے قائم مقام سفیر یاور عباس کی قیدیوں سے ملاقات کے موقع پر جیل پولیس کے چیف کرسٹو فورس بھی موجود تھے۔