پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا، شہباز شریف کو بھی گرفتار کیا جائے عوامی تحریک

قاتل اور لٹیرے قانونی ریلیف کیلئے اسمبلیوں کے رکن بنتے ہیں عوامی تحریک کی کور کمیٹی کا اجلاس،17 جون کو شہدائے ماڈل ٹائون کی برسی منائی جائے گی ماڈل ٹائون کے ظلم کے خلاف احتجاج کرنیوالے جیل میں اور قاتل آزاد گھوم رہے ہیں: خرم نواز گنڈا پور

منگل 11 جون 2019 21:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے حمزہ شہباز کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا، قاتل اعلیٰ شہباز شریف کو بھی گرفتار کیا جائے ،قاتل اور لٹیرے جمہوریت کی آڑ میں قانونی ریلیف لینے کیلئے اسمبلیوں کے رکن بنتے ہیں،اراکین اسمبلی کے استحقاق اور پروڈکشن آرڈر جیسے کالے قوانین کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

سیاسی جماعتوں کی قیادت مافیاز کے ہاتھ میں ہے یہ کسی ریلیف کے حقدار نہیں ہیں۔انہوں نے سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 17 جون کو شہدائے ماڈل ٹائون کی 5 ویںبرسی منائیں گے،اسکی کیا شکل و صورت ہو گی،اجلاس کی سفارشات قائد عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو ارسال کر دی ہیںمنظوری کے بعد اعلان ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کے ھوالے سے 17 جون کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

کور کمیٹی اور سنٹرل ورکنگ کونسل کے مشترکہ اجلاس میں بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان،مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی،جواد حامد،سید الطاف حسین شاہ،رفیق نجم،رانا محمد ادریس،نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ،پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک،راجہ زاہد محمود،عائشہ مبشر،چوہدری عرفان یوسف،قاسم منصور اعوان و دیگر رہنما موجود تھے ۔سانحہ ماڈل ٹائون کیس کے ترجمان نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے عدالتوں میں زیر سماعت مختلف اپیلوں پر شرکائے اجلاس کوبریفنگ دی،اجلاس میں انسداد دہشتگردی عدالت سرگودھا میں پولیس کے درج شدہ جھوٹے مقدمات میں 107کارکنوں کو دی جانیوالی سزائوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا،جواد حامد نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ جنہوں نے ماڈل ٹائون میں بے گناہ شہریوں کا قتل عام کیا وہ دندناتے پھر رہے ہیں اور جنہوں نے ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی انہیں سزائیں سنا دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ بربریت اور نا انصافی کے 5 سال مکمل ہونے پر 17 جون کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔