پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سردار اختر مینگل کی ملاقات ،

موجودہ معاشی، سیاسی اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 12 جون 2019 12:52

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سردار اختر مینگل کی ملاقات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سردار اختر مینگل نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی اہم ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران موجودہ معاشی، سیاسی اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سردار اختر مینگل نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کی گرفتاری پر اظہار یکجہتی کے لئے آپ کے پاس آیا ہوں۔

(جاری ہے)

جس پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یکجہتی کے اظہار پر سردار اختر مینگل کا شکریہ ادا کیا۔ سردار اختر مینگل نے کہا کہ حکومت 10 ماہ میں بی این پی کے چھ نکات پر عمل درآمد نہیں کرسکی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی بی این پی کے چھ نکات کو بالکل درست سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے زخموں کا مداوا کئے بغیر ملکی ترقی کا ہر تصور ناپائیدار ہوگا، پاکستان پیپلزپارٹی نے آغاز حقوق بلوچستان دے کر بلوچ عوام کو حقوق کی فراہمی کی ابتدا کی جسے آئندہ حکومتوں نے ترک کر دیا۔