مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے تھیلسیمیا کی بچے کی خواہش پوری کر دی

مریم نواز نے ظفر وال میں لیگی کارکن ذکی الرحمان سے ملاقات کی، 5 لاکھ نقد بھی پیش کیے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 جون 2019 12:31

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے تھیلسیمیا کی بچے کی خواہش پوری کر ..
ظفروال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جون 2019ء) : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے تھیلسیمیا کے مریض اور لیگی کارکن کی خواہش پوری کر دی ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدرمریم نواز 3 بجے حلقہ این اے 77 کے قصبہ ٹپیالہ پہنچیں تو ہزاروں لوگوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد وہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل سینکڑوں افراد کے ساتھ د ہمتھل پہنچی۔

مریم نواز مسلم لیگ ن کے سرگرم کارکن اور تھیلیسیمیا کے مریض ذکی الرحمان کے گھر بھی گئیں۔ جہاں انہوں نے ذکی سے ملاقات کی اور اس سے گفتگو کرتے ہوئے قائد کا پیغام دیا۔
مریم نواز نے ذکی الرحمان کو پارٹی قائد نواز شریف کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ اور 5 لاکھ نقد بطور تحفہ پیش کیا۔
جبکہ بیمار کم سن لیگی کارکن نے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کو سونے کی انگوٹھی جبکہ ایم این اے مہناز اکبر اور دانیال عزیز کوچاندی کی انگوٹھیاں بطور تحفی پیش کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ کیپٹن صفدر،پرویز رشید ، طارق فضل چوہدری، دانیال عزیز ، ایم این اے مہناز اکبر عزیز، جاوید لطیف،عظمی بخاری اورحنا پرویز بٹ بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں مریم نواز نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ذکی الرحمان کے ساتھ لی گئی تصویر بھی شئیر کی اور اسے اپنی پروفائل پکچر بنایا۔
یاد رہے کہ کم سن لیگی کارکن ذکی الرحمان نے پارٹی قائد نواز شریف اور مریم نواز سے فون پر بات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر مریم نواز نے ٹویٹر پر ہی ظفر وال جانے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ میاں نواز شریف نے مجھے ظفر وال جانے اور ذکی سے ملاقات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

لہٰذا میں ظفر وال جا رہی ہوں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے ذکی الرحمان کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔