Live Updates

شہباز شریف نے مریم نواز اور بلاول بھٹو کی ملاقات کی نفی کر دی

ملاقات میں شہباز شریف آن بورڈ نہیں تھے۔ سینئیر صحافی صابر شاکر کا دعویٰ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 جون 2019 12:01

شہباز شریف نے مریم نواز اور بلاول بھٹو کی ملاقات کی نفی کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جون 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی صابر شاکر نے کہا کہ شہباز شریف نے مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کے مابین ہونے والی ملاقات کی گذشتہ روز نفی کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے مابین جو ملاقات ہوئی اُس میں شہباز شریف کو آن بورڈ نہیں لیا گیا تھا۔

کیونکہ نہ صرف شہباز شریف بلکہ مسلم لیگ ن کے سینئیر نائب صدر شاہد خاقان عباسی بھی اس ملاقات میں موجود نہیں تھے۔ نہ صرف وہ نہیں تھے بلکہ مریم نواز نے ٹویٹ بھی کیا کہ پارٹی کے تمام فیصلے میاں نواز شریف ، میاں شہباز شریف اور پارٹی کے سینئیر رہنماؤں کو اعتماد میں لے کر کیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

صابر شاکر نے کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز نے یہی کہا کہ دونوں پارٹیوں کےمابین اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ بجٹ نہیں منظور ہونے دینا۔

لیکن پارلیمانی روایت یہ ہے کہ جب بجٹ پیش کرنے کے بعد بحث کا آغاز اپوزیشن لیڈر کی تقریر سے ہوتا ہے۔ شہباز شریف نے گذشتہ چار روز سے تقریر نہیں کی اسی لیے بجٹ پر بحث کا آغاز بھی نہیں ہوا لیکن گذشتہ روز شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں تقریر کی جس سے انہوں نے مریم نواز اور بلاول بھٹو کو ایک پیغام دیا کیونکہ انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز کر دیا تھا۔

شروع میں انہوں نے زرداری کے پروڈکشن آرڈر کا بھی مطالبہ کیا حالانکہ اُن کا دل باغ باغ تھا۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں تقریر کر کے بلاول بھٹو کو پیغام دیا کہ میں صدر ہوں ، میں اپوزیشن لیڈر ہوں، مجھ سے بات کریں اور پھر انہوں نے مریم نواز کو بھی پیغام دے دیا ہے کہ میں مسلم لیگ ن کا صدر ہوں اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی بھی میں ہی ہوں میں نے اسمبلی میں بجٹ پر بحث کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی شہباز شریف کی قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر پر بھی کافی ناراض ہے اور اُن کا ماننا ہے کہ آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے تک شہباز شریف کو تقریر نہیں کرنی چاہئیے تھی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات