کراچی سے اسلام آباد کا ٹکٹ63ہزار تک پہنچ گیا

پی آئی اے اور دیگر ایئرلائنزنے اچانک کرایوں میں اضافہ کردیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 20 جون 2019 14:15

کراچی سے اسلام آباد کا ٹکٹ63ہزار تک پہنچ گیا
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 جون۔2019ء) قومی ایئرلائن پی آئی اے سمیت نجی فضائی کمپنیوںنے اچانک کرایوں میں اضافہ کردیا اورکراچی سے اسلام آباد جانیوالی پرواز کا دوطرفہ ٹکٹ63ہزار روپے سے زائد کا ہوگیا. نجی ٹی وی کے مطابق گرمیوں کی چھٹیاں سیاحتی مقام پر گزارنے کا خواب چکنا چور ہوگیا، پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائنوں نے اچانک اپنے کرایوں میں اضافہ کردیا گیا.

کرایوں میں اضافہ کے بعد کراچی سے اسلام آباد جانیوالی پرواز کا ریٹرن ٹکٹ63ہزار روپے سے زائد کا ہوگیا‘پی آئی اے کی جانب سے کراچی سے اسلام آباد جانیوالے مسافروں سے یکطرفہ کرایہ 31540 اور کراچی سے لاہور جانیوالے مسافروں سے بھی 31ہزار سے زائد یکطرفہ کرایہ وصول کیا جارہا ہے.

(جاری ہے)

پی آئی اے نے بیرون ملک جانیوالے مسافروں کا کرایہ اندرون ملک جانیوالے مسافروں سے وصول کررہی ہے، 63ہزار سے زائد کسی بھی غیر ملکی ایئرلائن پر بیرون ملک سفر کرنے کا کرایہ وصول کیا جاتا ہے.

دوسری جانب نجی ائیرلائن ائیر بلیواور سرین ائیر لائن نے بھی اچانک کرائے بڑھا دیے اور یک طرفہ کرایہ 16 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار سے زائد کردیا ہے. خیال رہے وزیر اعظم کے سیاحت کے ویژن کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ڈومیسٹک آپریشن پر ایروناٹیکل چارجز ختم کردیئے تھے، اقدام کا مقصد اندرون ملک سفر کرنے والوں کو سہولت دینا تھا. ایروناٹیکل چارجز ختم ہونے سے اندورن ملک جانیوالی پروازوں کی ٹکٹوں کی قیمتیں کم نہ ہوسکیں اور پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائن نے احکامات کو نظر انداز کردیا.یاد رہے عید سے قبل بھی عالمی منڈی میں ایوی ایشن فیول کی قیمتوں میں اضافہ اور ڈالر کے مہنگے ہونے کی وجہ سے ایوی ایشن فیول کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کردیا گیا تھا ، جس کے بعد پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائنز نے اچانک کرایوں میں اضافہ کیا تھا.