وفاقی دارالحکومت، 1263اہلکاروں کی بھرتیوں کا آغاز(کل) ہوگا، ٹیسٹ انٹرویو فزیکل فٹنس جانچنے کیلئے 7کمیٹیوں کی تشکیل

جمعرات 20 جون 2019 15:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نفری پوری کرنے کیلئے 1263اہلکاروں کی بھرتیوں کا آغاز(کل) ہفتہ سے ہوگا۔ ٹیسٹ انٹرویو فزیکل فٹنس جانچنے کیلئے 7کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ آئی جی آفس سے ’’اے پی پی‘‘ کو فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے 16 تھانوں میں نفری کی قلت کو پورا کرنے کیلئے حکومت نے گذشتہ ماہ 1ہزار263 اہلکاروں کی بھرتیوں کی منظوری دی تھی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے باقاعدہ بھرتیوں کا آغاز کردیا گیا ۔

تقریباً دو لاکھ سے زائد امیدواروں کی طرف سے درخواستیں موصول ہوئیں۔ نیشنل ٹیسٹنگ سروس کی طرف سے موزوں امیدواروں کو کال لیٹر جاری کئے گئے۔ آئی جی آفس نے بتایا کہ بھرتیوں کے عمل کو صاف اور شفاف بنانے کیلئے این ٹی ایس اور وفاقی پولیس کے افسران نے ایک مشترکہ اجلاس میں حکمت عملی کو حتمی شکل دی جس کے مطابق آئی جی اسلام آباد نی7 کمیٹیاں قائم کی ہیں جن کے سربراہ پی ایس پی، ایس ایس پی رینک کے افسران کو بنایا گیا ہے ان 7 کمیٹیوں میں پنجاب سے امیدواروں کے ٹیسٹ انٹرویو اور فزیکل فٹنس کے معیار کو جانچنے کیلئے ایس ایس پی (لاجسٹک) عرفان طارق، بلوچستان کیلئے ایس ایس پی( سی ٹی ایف) سید محمد امین بخاری،دارالحکومت اسلام آبادکیلئے ایس ایس پی (سکیورٹی) نوید عاطف، صوبہ سندھ کیلئے اے آئی جی (آپریشنز) سردارغیاث گل، صوبہ خیبرپختونخوا کیلئے ایس پی( انویسٹی گیشن) سید مصطفیٰ تنویر، آزادجموں و کشمیر کیلئے ڈی ایس پی(فارن مشن) امتیاز علی شاہ جبکہ گلگت بلتستان کے امیدواروں کیلئے ڈی ایس پی( سی ٹی ایف) محمد محفوظ کیانی کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ کمیٹیاں بھرتیوں کے عمل کی براہ راست نگرانی کریں گی اور شفافیت کے عمل کو یقینی بنائیں گی۔