Live Updates

مجھے حمزہ شہباز بھی بچتے نظر نہیں آرہے، شیخ رشید

حمزہ شہباز کیخلاف ٹھوس شواہد ہیں، حمزہ شہباز کو سامنے بٹھا کر ریکارڈنگ کی گئی، بجٹ ہر حال میں پاس ہوگا اورجولائی کے پہلے ہفتے میں آئی ایم ایف سے معاہدے پردستخط بھی ہوجائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 20 جون 2019 19:21

مجھے حمزہ شہباز بھی بچتے نظر نہیں آرہے، شیخ رشید
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جون 2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھے حمزہ شہباز بھی بچتے نظر نہیں آرہے، حمزہ شہباز کے خلاف ٹھوس شواہد ہیں،کیونکہ حمزہ شہباز کو سامنے بٹھا کر ریکارڈنگ کی گئی ہے،بجٹ ہر حال میں پاس ہوجائے گا، جولائی کے پہلے ہفتے میں آئی ایم ایف سے معاہدے پردستخط ہوجائیں گے۔ انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہفتے کے دن ٹی ایل اے کے ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے کمیٹی بنائیں گے ۔

میری وزیراعظم اور وزیرخارجہ اور وزیرخزانہ سے درخواست ہے کہ گھی چینی آٹاکی قیمتوں پر نظرثانی اور ریلوے مزدروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ساری ٹرینیں مرمت کی ہیں، کراچی اور راولپنڈی کیلئے ہائی اسپیڈ ٹرین کا ٹینڈرلگانے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

24 اگست کو مجھے ایک سال ہوجائے گا پھر میں قوم کو ٹرین کی کارکردگی کا بتاؤں گا۔

10ہزارمزید نوکریاں دی جائیں گی۔ ایم ایل ون چل رہا ہے، جس دن ایم ایل ون اور نالہ لئی ہوگیا تو پاکستان کی تاریخ کا بڑا جلسہ کرکے ریٹائرڈ ہوجاؤں گا۔ تین یونیورسٹیاں بنائی ہیں، ان میں کافی لوگوں کو روزگار ملے گا۔ معذور بچیوں کی فیس فری یا آدھی کردی جائے۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 20 بندے ان کے رابطے میں ہیں، لیکن جس دن بجٹ کی ووٹنگ ہوگی توشاہد خاقان عباسی اپنے بندے پورے کرکے دکھائیں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ ہرحال میں پاس ہوگا۔ عمران خان آخری آپشن ہے۔ ہم سے لوگوں کو گلے ، شکوے اور شکایتیں ہیں۔ لوگ ہمیں وقت دینا چاہتے ہیں۔ عوام کو کرپٹ نوازشریف اور زرداری سے نفرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دو مسلم لیگیں ہیں، ایک شہباز مسلم لیگ اور ایک نواز مسلم لیگ ہے۔ نواز مسلم لیگ کے وارث کہتے کہ جلسہ جلسہ کھیلیں گے۔ کھیل لیں۔ اب یہ میثاق معیشت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

ان کو ایسی بیماری ہے جس کا پاکستان میں علاج نہیں ہے۔ نوازشریف معاملات کوسمجھتے ہیں لیکن جس بچی نے نوازشریف کو اس نوبت تک پہنچایا، وہ وراثت کی لڑائی لڑ رہی ہے۔ اگر وہ نہیں بچتے تو حمزہ شہباز بھی بچتے دکھائی نہیں دیتے۔ حمزہ شہباز کے خلاف ٹھوس شواہد ہیں۔ کیونکہ حمزہ شہباز کو سامنے بٹھا کر ریکارڈنگ کی گئی ہے۔کہ چینی والے نے کہا کہ یہ پیسے توآپ کے تھے۔

انہوں نے کہا کہ میری اور شہباز شریف کی ایک ہی مدر پارٹی ہے، سب سمجھ گئے ہوں گے کہ کونسی پارٹی؟ یعنی عوامی مسلم لیگ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو جیل میں فائیواسٹار سے بھی بہترین سہولیات میسر ہیں۔ آصف زرداری پرنوازشریف اورنوازشریف پرآصف زرداری نے کیس لگائے۔ ان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ انہیں چھوڑ دیا جائے۔ یہ اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات