Live Updates

پاکستان میں71 سال سے امراء کو پوچھنے والا کوئی نہیں تھا،

ملکی سلامتی اور احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے سرحدوں و ریاستی امور کے وزیر مملکت شہریار خان آفریدی کا قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال

پیر 24 جون 2019 14:03

پاکستان میں71 سال سے امراء کو پوچھنے والا کوئی نہیں تھا،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) سرحدوں و ریاستی امور کے وزیر مملکت شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ مسلمان اسلامی تعلیمات کو ترک کرنے کی وجہ سے پستی کا شکار ہیں‘ پاکستان میں 71 سال سے امراء کو پوچھنے والا کوئی نہیں تھا‘ اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والا چالیں چلنے والوں سے نہیں ڈرتا۔ ملکی سلامتی اور احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

پیر کو قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ 2019-20ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر مملکت برائے سیفران شہریار خان آفریدی نے کہا کہ اللہ کی وحدانیت پر سمجھوتہ کرنے والا ذلیل و خوار ہو جاتا ہے‘ حضرت محمدﷺ کے خلاف سوچ اور فکر رکھنے والا انسانیت کے لئے ناسور بن جاتا ہے۔ غیر مسلم انسانی حقوق اور پائیدار ترقی کے اہداف کی بات کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

مسلمانوں نے انسانوں کے علاوہ چرند پرند پر بھی حکومت کی۔

مسلمان اسلامی تعلیمات کو چھوڑنے کے باعث پستی کا شکار ہیں۔ پاکستان میں 71 سال میں امراء کو پوچھنے والا کوئی نہیں تھا۔ اللہ کے نام پر حلف لینے والے اپنے لیڈروں کی تابعداری میں لگے رہے۔ جموں و کشمیر اور شام سمیت دیگر ممالک میں مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ دنیا میں سوا سات کروڑ مہاجرین ہیں۔ ان میں سے 75 فیصد مسلمان ہیں۔ پاکستان کو مقروض کرنے والا کون ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کرکٹ سے عزت کمائی۔ وہ قابل اعتبار ہیں۔ جدوجہد آزادی کے دوران میرے والد خان بہادر کو قائداعظم کے ساتھ گولڈ میڈل ملا تھا اس کے باوجود میں نئی گاڑی نہیں خرید سکتا اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میرے اثاثے کم ہوئے، ان کے پاس دولت کہاں سے آئی۔ غریبوں کی ہر سطح پر تذلیل کی جاتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سب سے پہلے خود کو احتساب کے لئے پیش کیا۔

مخالفین اسی طرح ایک ایک پائی کا حساب دیں جس طرح وزیراعظم عمران خان نے دیا۔ سابق حکومت نے کلبھوشن یادیو کے خلاف ایک ایف آئی آر نہیں کاٹی۔ ہر معاملے پر فوج سے مدد مانگیں اور ایوان میں کھڑے ہوکر فوج پر تنقید کریں یہ نہیں ہو سکتا۔ قانون سب کے لئے برابر ہے۔ کوئی پنجاب سندھ‘ بلوچ کارڈ استعمال نہیں کر سکتا۔ اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والا چالیں چلنے والوں سے نہیں ڈرتا۔ ملکی سلامتی اور احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات