قطر کی جانب سے پاکستان کو موصول ہونے والی امداد پر متضاد بیانات

قطری ایجنسی نے 3 بلین قطری ریال جبکہ مشیر خزانہ پاکستان حفیظ شیخ نے 3 ارب ڈالر ملنے کا بیان جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 24 جون 2019 16:28

قطر کی جانب سے پاکستان کو موصول ہونے والی امداد پر متضاد بیانات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جون 2019ء) : قطر کی جانب سے ملنے والی امداد پر قطر کی ایجنسی اور مشیر خزانہ پاکستان کا متضاد بیان سامنے آ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قطر کی ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امیرقطر شیخ تمیم بن حمدالثانی کی ہدایت پرنائب وزیر اعظم شیخ محمدبن عبدالرحمان نے اعلان کیا ہے کہ قطر پاکستان میں 3 ارب قطری ریال کی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا۔

حکومتی اعلامیہ میں قطری نائب وزیراعظم نے کہا کہ 3 ارب قطری ریال کی سرمایہ کاری کے بعد پاک قطرباہمی معاشی تعاون کاحجم 9 ارب ڈالرہو گا۔ پاکستان سے دیگرشعبوں میں بھی تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
جبکہ مشیر خزانہ پاکستان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مشیر خزانہ پاکستان ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ قطر کی طرف سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری کا عزم دہرانے پر بھی شیخ تمیم بن حمد الثانی کے مشکور ہیں۔

(جاری ہے)

مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے اس اعلان پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی جانب سے پاکستان کو 3 ارب ڈالرز کی امداد فراہم کرنے پر شکرگزار ہوں۔
قطر کی نیوز ایجنسی اور مشیر خزانہ پاکستان ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کے اعلانات میں تضاد کی وجہ سے کنفیوژن پیدا ہو گئی ہے کیونکہ تین ارب ڈالر اور تین ارب قطری ریال میں کافی زیادہ فرق ہے۔ ٹویٹر پر موجود صارفین نے بھی حکومتی سطح پر کیے گئے اعلانات میں اس قسم کا تضاد قابل غور ہے ، حکومت کو چاہئیے کہ اس طرح کے معاملات میں احتیاط برتے اور قطر کی جانب سے ملنے والی امداد سے متعلق وضاحت بھی کرے کہ آیا قطر سے ملنے والی امداد قطری ریال ہیں یا پھر ڈالر۔