Live Updates

پورا آزاد کشمیر میرا حلقہ ہے ، میرپور کی ترقی مظفرآباد سے زیادہ عزیز ہے، محمد فاروق حیدر

منگلاڈیم کیلئے لوگوں نے اپنا گھر بار چھوڑااور بیرون ممالک سے زرمبادلہ بھیج رہے ہیں ، اگر گزشتہ ادوار میں ماسٹر پلان پر عمل ہوتا تو آج میرپور ماڈل سٹی بنا ہوتا،ہمارا منشور کرسی نہیںعوام کی خدمت ہے، وزیراعظم آزاد کشمیرکی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 26 جون 2019 18:44

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2019ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ پورا آزاد کشمیر میرا حلقہ ہے ، میرپور کی ترقی مظفرآباد سے زیادہ عزیز ہے۔میرپور کے لوگوں کی قربانیوں کااحساس ہے ۔ منگلاڈیم کے لیے لوگوں نے اپنا گھر بار چھوڑااور بیرون ممالک سے زرمبادلہ بھیج رہے ہیں ۔

اگر گزشتہ ادوار میں ماسٹر پلان پر عمل ہوتا تو آج میرپور ماڈل سٹی بنا ہوتا۔ہماری حکومت نے میرپور میں پلاٹو ں کی بند ر بانٹ بند کروائی ۔ میرپور میں صنعتی زون کے قیام سے معاشی انقلاب آئے گا۔ میرپورکوبین الاقوامی نوعیت اور ٹورازم کے حوالے سے جدیدشہر بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھارہے ہیں۔ہمارا منشور کرسی نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے ۔

(جاری ہے)

اقتدار میں آنے کے بعد کرپشن کے خاتمہ کیلئے اقدامات اٹھائے ۔ گزشتہ تین سالوں میںبھمبر سے لیکر تائو بٹ تک آزادکشمیر کے ہرشہراور گائوں میں تعمیر وترقی ہوئی جو زمین پر نظر آرہی ہے ۔ میرپور شہر کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ۔وزیر اعظم بدھ کے روزمیرپور کے صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے ایوان وزیراعظم میں ان سے ملاقات کی وزیراعظم سے ملنے والوں میں ظہیر اعظم جرال،رمضان چغتائی اور خالدحسین شامل تھے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہماری حکومت کی بہترحکمت عملی سے آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ دوگنا ہوا جس سے ریاست میں تعمیر وترقی کا انقلاب آیا۔ جب حکومت ملی تو بجٹ خسارے میں تھا ہماری حکومت نے گڈگورننس کا نفاذ عمل میں لایا اور بہترین حکمت عملی کے تحت عوام کی خدمت کی ۔انہوں نے کہاکہ آئندہ مالی سال کیلئے متوازن بجٹ پیش کیا گیا ہے جس میں عوامی ترقی و خوشحالی اور صحت،تعلیم اور سیاحت پر خصوصی فوکس کیا گیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ہم نے اقتدار میں آکر میرپور میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ بند کی جو کرپشن کا گڑھ بن چکا تھا۔ انہوںنے کہاکہ ہماری حکومت کے اقدامات کی وجہ سے اوورسیز یہاں سرمایہ کاری کرنے کی طرف بھی راغب ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرپور سمیت آزادکشمیر کے تمام شہروں کی صفائی ستھرائی کیلئے خصوصی نظام لارہے ہیں ۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات