قلات، موجودہ حکومت جو بدترین دھاندلی کے بعد وجود میں آئی تو وہی خدشات باقاعدہ طور پر آج واضح نظر آر ہے ہیں،سید آغا محمود شاہ

جمعہ 12 جولائی 2019 23:59

قلات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2019ء) جمعیت علما اسلام(ف)کے صوبائی جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی سید آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمن نے گورنمنٹ بننے سے پہلے جن خدشات کا اظہار کیا تھا اور موجودہ حکومت جو بدترین دھاندلی کے بعد وجود میں آئی تو وہی خدشات باقاعدہ طور پر آج واضح نظر آرہی ہے۔ جس کا واضح ثبوت یہ ہیکہ اس حکومت کے آنے کے بعد قادیانیوں کی سرگرمیاں کافی تیز ہوچکی ہیں۔

جمیعت علما اسلام کا اہم مرحلہ رکنیت سازی، اسکے بعد یونٹ ،تحصیل ضلعی ،صوبائی اور مرکزی انتخابات مکمل ہوئے۔کوئٹہ میں 28 جولائی کو ملین مارچ بلوچستان کا تاریخی اجتماع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ قلات میں میڈیا کے وفد سے ملاقات کے موقع پر میراحمد یار خان پریس کلب قلات کے سینئر صحافیوں فیض نیچاری ،امجد سلامی دیگر سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آسیہ مسیح کو دو معزز عدالتوں نے سزا سنائی جبکہ اعلی معزز عدلیہ سپریم کورٹ سے ایسے فیصلے کی توقع ہی نہیں تھی مگر اسکی حق میں فیصلہ آیا اسے ریلیف ملی۔ جے یو آئی نے شروع دن سے ہی اس حکومت کے خلاف آواز بلندکی ہے اور حکومت کے عوام دشمن فیصلوں اور سرگرمیوں کے خلاف آواز بلند کی ہے اور حکومتی مظالم کے خلاف قدم اٹھائی ہے۔انہوں نے کہا اس وقت تک 12ملین مارچ انتہائی کامیابی سے مکمل ہوئیں جبکہ 28 جولائی کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں منعقد ہوگا یہ ملین مارچ بلوچستان کی تاریخ میں بڑا اجتماع ہوگا ملین مارچ حکومت کے خاتمے کا سبب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کی بدترین مہنگائی اور ٹیکسز کی بھرمار سے عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں عوام کو ترقی کے خواب دکھانے والے حکمرانوں نے ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے ساتھ گروی رکھ دی ہے جو کہ ملک اور عوام دوستی نہیں بلکہ عوام دشمنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے یوآئی ف کے کارکنان زیادہ سے زیادہ تعداد میں ملین مارچ میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔