Live Updates

خیبرپختونخوا بشمول قبائلی اضلاع کی مجموعی ترقی اور امن و امان صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،محمود خان

ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لیویز اور خاصہ دارفورسز کا با قاعدہ پولیس میں انضمام ہوچکا ہے جو امن و امان کے تسلسل کی طرف ایک اہم قدم ہے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پیر 15 جولائی 2019 19:29

خیبرپختونخوا بشمول قبائلی اضلاع کی مجموعی ترقی اور امن و امان صوبائی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے وفاقی وزیر دفاع پرویز خان خٹک ، سنیٹر شبلی فراز اور تحریک انصاف کے رہنماء اعظم سواتی نے پختونخوا ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور خصوصاً صوبہ خیبرپختونخوا بشمول ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سیکورٹی اور امن و امان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا بشمول قبائلی اضلاع کی مجموعی ترقی اور امن و امان صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت سیکیورٹی اداروں اور پولیس کے باہمی تعاون سے صوبہ خیبرپختونخوا امن کا گہوارہ بن چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لیویز اور خاصہ دارفورسز کا با قاعدہ پولیس میں انضمام ہوچکا ہے جو امن و امان کے تسلسل کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیسنگ کے حوالے سے صوبہ خیبرپختونخوا ایک ماڈل صوبہ بن کرابھرا ہے جس میں مزید جدت اور بہتری لانے کیلئے صوبائی حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیاحت کو کافی فروغ ملا ہے جبکہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بھی سیاحتی مقامات کی نشاندہی ہوچکی ہے اور ان اضلاع میں بھی بہت جلد سیاحتی مقامات کو بطور صنعت متعارف کیا جائے گا جس سے صوبے اور ملکی معیشت کو استحکام ملے گا اور مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع بھی میسر ہونگے۔

وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے میں ضم شدہ قبائلی اضلاع اور دیگر پسماندہ علاقوں کی ترقی اور وہاں پر دیرپا امن پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ ان پسماندہ اضلاع کو صوبے کے دیگر ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لایا جاسکے جبکہ وہاں پر عام آدمی کی زندگی میں ترقی اور خوشحالی لائی جا سکے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وڑن کو لے کر صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے کیونکہ سیاحت کے لحاظ سے یہ صوبہ تمام تر وسائل سے مالا مال ہے اور وہ دن دور نہیں کہ پوری دنیا سے سیاح صوبہ خیبرپختونخوا کا رخ کرینگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات