شاہنواز بھٹو کو ایک گہری و گھناؤنی سازش کے تحت شہید کیا گیا تھا،بلاول بھٹو زرداری

فکرِ بھٹو پر قائم شہید شاہنواز بھٹو کی جمہوری انقلابی سوچ کا سفر اور جذبہ عوامی خدمت آج بھی جاری ہے، 34ویں برسی پر پیغام

بدھ 17 جولائی 2019 19:35

شاہنواز بھٹو کو ایک گہری و گھناؤنی سازش کے تحت شہید کیا گیا تھا،بلاول ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید شاہنواز بھٹو کو ان کی 34 ویں یومِ شہادت کے موقع پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں بحالیِ جمہوریت کے لیئے جاری عوامی جدوجہد میں بھٹو خاندان کی جانب سے بھرپور قائدانہ کردار ادا کرنے کی پاداش میں شہید شاہنواز بھٹو کو ایک گہری و گھناؤنی سازش کے تحت شہید کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آمریتی عناصر شہید شاہنواز بھٹو کی انقلابی سوچ سے خائف اور پاکستان کے نوجوانوں میں ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی نئی نسل کے لیئے شہید شاہنواز بھٹو ایک کیس اسٹڈی ہے کہ عوام کے حقِ حاکمیت کو غضب کرنے والی قوتیں جمہوریت کی بات کرنے پر کتنی سفاک بن جاتی ہیں اور قوم کی خدمت کے جذبے سے سرشار و زرخیز ذہنوں کے مالک افراد کو کس بے دردی سے موت کے گھاٹ اتارا جاتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فکرِ بھٹو پر قائم شہید شاہنواز بھٹو کی جمہوری انقلابی سوچ کا سفر اور جذبہ عوامی خدمت آج بھی جاری ہے، کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو حقیقی جمہوری و مساوات پر مبنی قائداعظم کا پاکستان بنانے کے لیئے آج بھی جدوجہد کے میدان میں موجود اور منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے پارٹی عہدیداران و کارکنان اور عوام کو اپیل کی کہ وہ آج کے دن شہید شاہنواز بھٹو کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیئے دعا کریں۔