بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کے بیانیے کی جیت ہوئی

آبی وسائل کے وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 18 جولائی 2019 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) آبی وسائل کے وفاقی وزیر فیصل واؤڈا نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کے بیانیے کی جیت ہوئی۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن ملک کیلئے تاریخی دن ہے کیونکہ عالمی عدالت انصاف نے فیصلہ دیا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان کے حراست میں رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو اعتراف کرچکے ہیں وہ پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں اور اس کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان سے کامیابی سے گرفتار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت کا فیصلہ پاکستانی قوم کی فتح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے‘ دہشت گرد سرگرمیوں کیلئے اپنی سرزمین کسی کو استعمال کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی‘ بھارتی جاسوس ملک کے معصوم لوگوں کے قتل و غارت میں ملوث رہے ہیں۔ فیصل واؤڈا نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی ہے اور اس سلسلے میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔