Live Updates

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں شامل ہونے والے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں کے انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لیں

تمام پولنگ سامان انتخابی تھیلوں میں سیل کر دیا گیا، تمام پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی نصب کرنے کے احکامات بھی جاری، 464 انتہائی حساس سٹیشنوں پر اندر اور باہر فوج تعینات

جمعرات 18 جولائی 2019 17:25

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں شامل ہونے والے قبائلی اضلاع میں صوبائی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں شامل ہونے والے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں کے انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، تمام اضلاع میں انتخابی عملہ کی تعیناتی اور عملہ کی انتخابی تربیت مکمل ہو گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تمام پولنگ سامان انتخابی تھیلوں میں سیل کر دیا گیا ہے جو کہ ڈسٹری بیوشن پلان کے مطابق (آج) جمعہ کو پریذائیڈنگ افسران کے حوالہ کرکے مقررہ پولنگ سٹیشنوں پر مکمل سکیورٹی سمیت روانہ کر دیا جائے گا۔

قبائلی اضلاع کے تمام پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی نصب کرنے کے احکامات بھی جاری ہو چکے ہیں۔ 464 انتہائی حساس سٹیشنوں پر اندر اور باہر فوج تعینات کر دی گئی ہے جبکہ باقی 1433 پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی کیلئے پولنگ سٹیشنوں کے باہر فوج تعینات ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن سیکرٹریٹ میں قبائلی اضلاع کے انتخابات میں شکایات/انتخابی کے حصول کیلئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی سربراہی میں دو ٹیموں پر مشتمل کمیونیکیشن پلان مرتب کیا گیا ہے جو 20 جولائی سے لے کر 21 جولائی 2019ء تک دن رات کام کرے گا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (الیکشنز) کی نگرانی میں جو دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں وہ دن رات کام کریں گی۔ ٹیم اے خلیل احمد (ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ)، باسل اکرم (ایڈیشنل ڈائریکٹر اکائونٹس)، محمد علی (سینئر اسسٹنٹ)، منور حسین (سینئر اسسٹنٹ) اور نائب قاصد مصری خان پر مشتمل ہے، یہ ٹیم پی کے 100 باجوڑ I، پی کے 101 باجوڑ II، پی کے 102 باجوڑ III، پی کے 103 مہمند I، پی کے 104 مہمند II، پی کے 105 خیبر I، پی کے 106 خیبر II اور پی کے 107 خیبر III میں شکایات اور ابتدائی نتائج کے حصول کی ذمہ داری سرانجام دے گی۔

یہ ٹیم 20 جولائی کو صبح 8 بجے رات 8 بجے تک کام کرے گی، جن کے رابطہ نمبر 051-9210809 اور 051-9210811 ہیں۔ ٹیم 2 ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ شہزاد بشیر، نفیسہ ہاشمی (ڈی ڈی پروٹوکول)، رضوانہ لطیف (اے ڈی الیکشن ون)، محمد عاصم (سینئر اسسٹنٹ) امجد علی بلوچ (سب اسسٹنٹ) اور محمد رفیق نائب قاصد پر مشتمل ہے۔ یہ ٹیم پی کے 108 کرم I، پی کے 109 کرم II، پی کے 110 اورکزئی I، پی کے 111 شمالی وزیرستان I، پی کے 112 شمالی وزیرستان II، پی کے 113 جنوبی وزیرستان I، پی کے 114 جنوبی وزیرستان II اور پی کے 115 سابق فرنٹیئر رینجز میں شکایات اور ابتدائی نتائج کے حصول کی ذمہ داری سرانجام دے گی۔

اس ٹیم کا رابطہ نمبر 051-9210810 اور 051-9210812 ہیں۔ یہ ٹیم بھی 20 جولائی کو صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کام کرے گی۔ 20 جولائی کو رات 8 بجے سے 21 جولائی کی صبح 9 بجے تک کی نائٹ شفٹ میں عبدالودود خان (ایڈیشنل ڈائریکٹر ایل جی ای بلوچستان)، سید غفور (اے ڈی ایل جی کے پی کی)، عمران خان نیازی (سینئر اسسٹنٹ)، عظمت عزیز اور غلام حسن پر مشتمل ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات