Live Updates

مریم نواز کو گرفتار کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں؟

نواز شریف کی صاحبزادی کل نیب میں پیش ہوں گی، نیب راولپنڈی کی عمارت کی سیکورٹی کیلئے 1 ہزار رینجرز اہلکاروں کو طلب کر لیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 18 جولائی 2019 22:40

مریم نواز کو گرفتار کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں؟
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جولائی2019ء) مریم نواز کو گرفتار کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں؟ نواز شریف کی صاحبزادی کل نیب میں پیش ہوں گی، نیب راولپنڈی کی عمارت کی سیکورٹی کیلئے 1 ہزار رینجرز اہلکاروں کو طلب کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی دوبارہ سے گرفتاری کا امکان ہے۔

مریم نواز کو نیب کی جانب سے جعلسازی کے الزام میں تفتیش کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ نواز شریف کی صاحبزادی کل نیب راولپنڈی کے دفتر میں پیش ہوں گی۔ اس سے قبل مریم نواز نے عندیہ دیا تھا کہ وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گی، تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنا فیصلہ بدل دیا۔ امکان ہے کہ مریم نواز کے ہمراہ ن لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد کل نیب راولپنڈی کے ہیڈکوارٹر جائے گی۔

(جاری ہے)

جبکہ یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نیب کل مریم نواز کو گرفتار کر لے۔ اسی باعث نیب راولپنڈی کے ہیڈ کوارٹر میں صورتحال بگڑنے کا خدشہ۔ اس تمام صورتحال میں نیب راولپنڈی کی عمارت کو بھاری سیکورٹی کے حصار میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے 1 ہزار رینجرز اہلکاروں کو طلب کر لیا ہے۔ رینجرز کی نفری کل نیب کی عمارت کی سیکورٹی سنبھال لے گی۔

اس دوران کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو نیب کی عمارت کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جبکہ کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی کرنے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ واضح رہے کہ مریم نواز کو پاناما پیپرز کیس کے دوران سپریم کورٹ میں جعلی دستاویزات پیش کرنے کے جرم میں قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم بعد ازاں کلثوم نواز کی وفات کے بعد مریم نواز کو رہائی دے دی گئی تھی۔ تب سے مریم نواز تاحال جیل سے باہر ہیں۔ تاہم اب نیب نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے نئے سرے سے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اسی سلسلے میں مریم نواز کو کل طلب کیا گیا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات