مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کی نومنتخب کابینہ کا اجلاس

مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان نے ہر دور میں ناموسِ رسالت اور ختم نبوتؐ کیلئے بھرپور جدوجہد کی ہے،مفتی عبدالعلیم قادری

جمعہ 19 جولائی 2019 17:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان اہلسنّت وجماعت کی عظیم دینی وملی تنظیم ہے جس نے ہر دور میں ناموسِ رسالت اور ختم نبوت کے لیے بھرپور جدوجہد کی ہے، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے حکومت وقت عوام کو فوری طور پر ریلیف فراہم کرے۔ یہ باتیں مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کی تنظیم نو کے بعد کراچی کے تمام اضلاع کو فعال اور مربوط بنانے کے لئے دارالعلوم غوثیہ میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب امیر مفتی عبدالعلیم قادری،ناظم اعلیٰ صاحبزادہ زبیر ہزاروی،علامہ فیاض نعیمی،علامہ اللہ بخش قادری،علامہ سید فرحان شاہ نعیمی اور دیگر علماء کرام نے کہیں۔

اس موقع پر مفتی عبدالعلیم قادری صاحبزادہ زبیرہزاروی و دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر دور میں مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان نے ختم نبوت کا دفاع کیا ہے ہمارے قائد امام شاہ احمد نورانی کی بدولت آج قادیانی کافر ہے ،24 اگست کو کراچی کے خالقدینا ہال میں ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میںامیر مرکزی جماعت اہلسنّت صوبہ سندھ صاحبزادہ مفتی محمد جان نعیمی جلد کراچی کے تمام اضلاع کے دورے کریں گے۔انہوں نے کہاکہ وطن عزیز پاکستان اور دین اسلام کی خدمت میں مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان ہمیشہ پیش پیش رہے گی۔