کراچی میں گوشت کی قلت کا خدشہ،ٹیکس وصولی کے خلاف بیوپاریوں کا ہڑتال کا فیصلہ

ملیر بکرا پڑی کے بیوپاریوں سے دو دو ٹیکس وصول کرنے کے باوجود عید اسپیشل ٹیکس کے نام پر ایک اور ٹیکس وصول کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے،سید علی حسن

ہفتہ 20 جولائی 2019 21:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2019ء) کراچی میں گوشت کی قلت کا خدشہ بڑھ گیا۔ملیر بکرا پڑی کے بیوپاریوں سے دو دو ٹیکس وصول کرنے کے باوجود عید اسپیشل ٹیکس کے نام پر ایک اور ٹیکس وصول کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے جس کے خلاف بیوپاریوں نے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا فیصلہ کرلیا ۔ملیر بکرا پڑی کے بیوپاریوں کے ہاتھ سر پر آگئے۔

کیونکہ دو دو ٹیکس دینے کے باوجود اب ان کو عید اسپیشل ٹیکس دینا ہوگا۔کراچی ڈسٹرکٹ کائونسل اور ڈی ایم سی ملیر الگ الگ فی جانور پر ٹیکس وصول کرنے کے باوجود عید اسپیشل ٹیکس کے نام پر 1200 سے 1500 روپے ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کو بیوپاریوں نے مسترد کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔اس سلسلے میں ملیر بکرا پڑی کے سابق صدر سید حسن علی رازک رند انور بلوچ غاضی سیٹھ لالا فضل اور دیگر نے کہا ہے کہ بیوپاریوں کو کوئی سہولیات نہیں دی جارہی ہیں ہیں مگر ٹیکس الگ الگ لیا جا رہا ہے کراچی ڈسٹرکٹ کونسل غیر قانونی طور پر ٹیکس کے نام پر بیوپاریوں سے بھتہ لے رہی ہے جب ان کی جوریڈکشن ہی نہیں ہے تو ٹیکس کس لیے وصول کیا جارہا ہے فی جانور جوکہ کٹو کہلاتے ہیں ان پر بھی قربانی کے جانور کا ٹیکس لگایا جارہا ہے کٹو بھینس پر بھی دودھ والی بھینس کا ٹیکس لیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی ایم سی ملیر الگ سے ٹیکس وصول کررہی ہے بارہا اعلی حکام کو شکایات کر چکے ہیں پر کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے بیوپاریوں کو دونوں ٹیکس وصول کرنے والے اداروں سے کسی قسم کی کوئی سہولیت میسر نہیں منڈی میں نہ تو بجلی ہے نہ پانی ہے بیوپاری اپنی مدد آپ کے تحت ہزاروں روپے خرچ کرکے پانی کے ٹینکر اور جنریٹر خرید کر کام چلارہے ہیں۔سابق صدر سید حسن علی نے کہا کہ دو دو ٹیکس دینے کے باوجود بھی عید اسپیشل ٹیکس کے نام پر بیوپاریوں سے فی جانور پر ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ہم تمام بیوپاری ٹیکس نہیں دینگے اگر ہم سے زبردستی ٹیکس وصول کیا گیا تو غیر معینہ مدت تک ہم ہڑتال کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ ملیر بکرا پڑی پورا سال چلتی ہے اور یہاں صرف وہ جانور لائے جاتے ہیں جو صرف کراچی کے گوشت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہوتے ہیں ان پر اسپیشل ٹیکس وصول کرنا غیرقانونی ہوگا۔جس کو ہم ہرگز قبول نہیں کریں گے۔تمام بیوپاریوں نے اعلی حکا سے پرزور اپیل کی ہے عید کے دنوں میں ملیر بکرا پڑی کو لوڈشیڈنگ فری کیا جائے اور بیوپاریوں اور خریداروں کے تحفظ کے لیے سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے جائیں اور پولیس کے خاص پکٹ قائم کی جائیں ۔