Live Updates

وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے پہلے ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ سے ملاقات ہوئی تھی، ڈاکٹر عافیہ کے کیس سے حکومت پوری طرح آگاہ ہے: شاہ محمود قریشی

حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی کیلئے تمام طریقے بروئے کار لاتی رہے گی: وزیرِ خارجہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 1 اگست 2019 20:35

وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے پہلے ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ سے ملاقات ہوئی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اگست2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے پہلے ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ سے ملاقات ہوئی تھی، ڈاکٹر عافیہ کے کیس سے حکومت پوری طرح آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی کیلئے تمام طریقے بروئے کار لاتی رہے گی۔ وزیر کارجہ کی جانب سے امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے حکومتی اقدامات کے معاملے پر تحریری جواب قومی اسمبلی میں جمع کروا دیا گیا ہے۔

جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے امریکا کے دورے سے پہلے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ سے ملاقات کی تھی، انھوں نے دفتر خارجہ میں بھی ملاقات کی تھی۔ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کا معاملہ وزیر اعظم کے دورہ واشنگٹن میں اٹھایا گیا تھا اور حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی کیلئے تمام طریقے بروئے کار لاتی رہے گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ عافیہ صدیقی کے کیس پر بھی بات کی جائے گی، بعد میں انھوں نے امریکی میڈیا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے شکیل آفریدی اور عافیہ صدیقی کے تبادلے کو امکانی قرار دیا تھا۔ دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دوحہ میں انٹرا افغان امن مذاکرات میں ہونیوالی پیش رفت اور دوحہمذاکرات کے بعد جاری ہونیوالا مشترکہ اعلامیہ خوش آئند ہے ،دوحہ مذاکرات میں ،افغان امن عمل کے حوالے سے بنیادی روڈ میپ سے تمام فریقین کا متفق ہونا بہت مثبت پیشرفت ہے ، افغانستان میں امن و استحکام اور دیرپا تعمیر و ترقی کیلئے انٹرا افغان مذاکرات سنگ میل ثابت ہوں گے ،پاکستان ،افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کے تحت ، اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتے رہے گا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات