مکی آرتھر برطانوی کرکٹ ٹیم کے کوچ بننے کے خواہشمند

پاکستانی کوچ انگلش کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہیں:ایشلے جائلز

ہفتہ 3 اگست 2019 22:18

مکی آرتھر برطانوی کرکٹ ٹیم کے کوچ بننے کے خواہشمند
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر برطانوی کرکٹ ٹیم کے اگلے کوچ کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔ موجودہ برطانوی کوچ ٹریور بیلس نے اپنے معاہدے کی مزید توسیع نہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ ایشز سیریز کے بعد عہدہ چھوڑ دیں گے۔انگلش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آف کرکٹ ایشلے جائلز نے بھی تصدیق کی ہے کہ مکی آرتھر،ٹریو ر بیلس کی جگہ سنبھالنے کے لیے انگلش کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں،بی بی سی کے مطابق مکی آرتھر کا پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کے ساتھ معاہدہ ورلڈ کپ کے بعد ختم ہوچکا ہے جس کے باعث وہ برطانوی کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں،جنوبی افریقہ کوچ اوٹس گبسن اور سابق بھارتی کوچ گیری کرسٹن بھی انگلش ٹیم کی کوچنگ کے امیدوار ہیں۔

(جاری ہے)

ذرئع کے مطابق مکی آرتھر قومی ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں ،پاکستان نے ورلڈ کپ 2019ئ میں نیوزی لینڈ کے برابر11پوائنٹس حاصل کیے تھے تاہم خراب نیٹ ریٹ کے باعث اسے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوکر پانچویں پوزیشن پراکتفا کرنا پڑا،سرفراز الیون نے میگا ایونٹ میں اپنے پہلی5میچز میں سے محض ایک میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اسے روایتی بھارت کے خلاف میچ سمیت تین مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوا جس کے بعد قومی ٹیم کے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اپنے دیگر 4میچز میں کامیابی حاصل کی تاہم رن ریٹ خراب ہونے کی بنیاد پر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرسکی۔

قومی ٹیم نے مکی آرتھر کے دور میں چیمپئنز ٹرافی 2017ئ میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی اپنے نام کی تاہم ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی نے مکی آرتھر کی کوچنگ کی صلاحیتو ں پر سوالیہ نشان لگائے،مکی آرتھر مئی 2016ئ میں پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے سے قبل آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں۔