گوتھیا یوتھ فٹبال ورلڈکپ چائنہ میں دیا وومن فٹبال کلب کی ٹیم شرکت کرے گی

ٹیم میں 2 تھر کی پلیئرز جمنا اور دیوی کو بھی سلیکٹ کیا گیا ہے، بانی و صدر سعدیہ شیخ

اتوار 4 اگست 2019 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2019ء) رواں ماہ اگست میں منعقدہ گوتھیا یوتھ فٹبال ورلڈ کپ چائنہ میں دیا وومن فٹبال کلب کی ٹیم شرکت کرے گی جس میں ڈی ڈبلیو ایف سی کی باصلاحیت پلیئرز اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گی۔ ٹیم میں تھر پارکر میں منعقدہ فرسٹ آل سندھ انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی 2 تھر کی وومن فٹبال پلیئرز کو بھی سلیکٹ کیا گیا ہے۔

وومن امپاورمنٹ اور ملک میں فٹبال کے فروغ کے سلسلے میں دیا وومن فٹبال کلب نے اپنا وعدہ پورا کردیا۔

(جاری ہے)

ٹیم میں تھر کی لڑکیوں جمنا اور دیوی کو ورلڈ کپ کے سلسلے میں بھرپور تربیت فراہم کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں کلب کی بانی وصدر سعدیہ شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ جس میں انٹرنیشنل ایونٹ میں 2 تھری پلیئرز کو ترجیح دی گئی ہے۔ ملک میں فٹبال کے فروغ کے سلسلے میں عملی طور پر کوشاں ہیں اور چائنہ میں منعقدہ یوتھ فٹبال ورلڈکپ میں دیا کی ٹیم اپنی بھرپور صلاحیتوں کے جوہر دکھائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی وومن فٹبال پلیئرز انتہائی باصلاحیت ہیں جن کو فٹبال کے شعبے میں آگے بڑھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔