ایشیز سیریز،آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت مشکوک

پیر 13 اکتوبر 2025 17:34

ایشیز سیریز،آسٹریلوی کپتان  پیٹ کمنز کی فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ ..
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر اور کپتان پیٹ کمنز نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف پرتھ میں شروع ہونے والی ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکل ہے۔ بی بی سی کے مطابق 32 سالہ پیٹ کمنز کمر کی انجری کا شکار ہیں اور جولائی کے بعد سے کوئی میچ ہ نہیں کھیل پائے ہیں ۔

گزشتہ ہفتے آسٹریلوی میڈیا میں رپورٹس آئیں کہ پیٹ کمنز کو پہلے ٹیسٹ سے باہر کر دیا گیا ہے اور ان کی سیریز میں شرکت بھی مشکوک ہے۔پیٹ کمنز نے بتایا کہ وہ اب دوڑنے کی مشقیں کر رہے ہیں لیکن ابھی تک بولنگ کی تیاری شروع نہیں کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں کوئی فیصد نہیں بتا سکتا، لیکن غالب امکان یہی ہے کہ میں پہلا ٹیسٹ نہ کھیل سکوں۔

(جاری ہے)

ہاں ابھی تھوڑا وقت باقی ہے۔

ہم آئندہ ہفتے بولنگ کی تیاری کا آغاز کریں گے، اس لیے سپائکس پہن کر بولنگ شروع کرنے میں شاید دو ہفتے مزید لگ سکتے ہیں ۔آسٹریلیا کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے بھی تصدیق کی ہے کہ پیٹ کمنز کو کم از کم چار ہفتے کی بولنگ پریکٹس درکار ہوگی اگر وہ پہلے ٹیسٹ میں کھیلنے کے خواہاں ہیں۔پیٹ کمنز نے بھی اس رائے سے اتفاق کیا ہے کہ آپ کو ٹیسٹ میچ کھیلنے سے پہلے کم از کم ایک مہینے کی نیٹ پریکٹس چاہیے ہوتی ہے۔

ایک دن میں 20 اوورز پھینکنے کے لیے مکمل فٹ ہونا ضروری ہے۔ تو چار ہفتے بہت ٹائٹ وقت ہے، لیکن ممکن ہے۔اگر پیٹ کمنز ایشیز سیریز کا پہلا ٹیسٹ نہیں کھیلتے تو سٹیو سمتھ ایک بار پھر قیادت سنبھال سکتے ہیں، جبکہ فاسٹ باؤلنگ میں ان کی جگہ سکاٹ بولینڈ کو موقع دیا جا سکتا ہے۔ادھر انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس کی فٹنس پر بھی سوالیہ نشان برقرار ہے، جنہیں بھارت کے خلاف سیریز کے دوران کندھے کی انجری کا سامنا رہا ہے۔واضح رہے کہ آسٹریلیا نے 2018 سے ایشیز کی ٹرافی (ارن) اپنے پاس رکھی ہوئی ہے جبکہ انگلینڈ کو 2011 کے بعد سے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ فتح حاصل نہیں ہو سکی۔