کوکو گف نے فائنل میچ میں جیسیکا پیگولا کو ہرا کر ڈبلیو ٹی اے ووہان اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

پیر 13 اکتوبر 2025 16:02

کوکو گف نے فائنل میچ میں جیسیکا پیگولا کو ہرا کر ڈبلیو ٹی اے ووہان اوپن ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) امریکی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی تھرڈ سیڈڈ کوکوگف نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت ڈبلیو ٹی اے وہان اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ ای ایس پی این کے مطابق 21 سالہ کوکوگف نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں ہم وطن حریف کھلاڑی جیسیکا پیگولا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

چین کے شہر ووہان کے وینیو آپٹکس ویلی انٹرنیشنل ٹینس سینٹرمیں کھیلے گئے ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کے فائنل میچ میں 21 سالہ امریکی ٹینس سٹار کوکوگف نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم وطن حریف کھلاڑی جیسیکا پیگولا کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 5-7 سے شکست دے کرٹورنامنٹ جیت لیا۔ یہ ہم وطن کھلاڑیوں کے درمیان کھیلا جانے والا ایک شاندار فائنل میچ تھا۔

(جاری ہے)

21 سالہ کوکوگف نے رواں سال کا دوسرا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتا ہے۔ اس سے قبل وہ فرنچ اوپن (کلے کورٹ)بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔ مجموعی طور پر یہ ان کے کیریئر کا 11واں ٹائٹل ہے۔میچ کے بعد کوکوگف نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ میں ہر میچ سٹریٹ سیٹس میں جیتنا میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے اورایسا پہلی بار ہوا ہے۔ رواں ہفتے جو فتوحات میں نے حاصل کیں مجھے اس پر فخر ہے ۔ادھر 31 سالہ جیسیکا پیگولا جنہوں نے سیمی فائنل میں عالمی نمبر ون بیلاروس کی آریانا سبالینکا کو اپ سیٹ شکست دی تھی، اس مرتبہ دسویں کیریئر ٹائٹل سے محروم رہ گئیں۔کوکو گف ووہان اوپن ٹینس ٹورنامنت جیتنے والی دوسری امریکی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس سے قبل وینس ولیمز نے 2015 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :