جنگلات بارشوں کے زیادہ برسنے کا اہم سبب ہیں ،یہی بارش خوراک کی زیادہ پیداوار کا ذریعہ ہے،ڈپٹی کمشنر شعیب خان

جمعہ 9 اگست 2019 14:30

بہاول نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2019ء) ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون نے کہا ہے کہ جنگلات بارشوں کے زیادہ برسنے کا اہم سبب ہیں اور یہی بارش خوراک کی زیادہ پیداوار کا ذریعہ ہے۔ یہ بات انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی نیو کیمپس بہاول نگر میں مون سون کی شجرکاری مہم کی تقریب میں پودا لگانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیف اللہ ساجد، ڈائریکٹر کیمپس ڈاکٹر ابوبکر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم،اسسٹنٹ کمشنر محمد یوسف، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر امتیاز احمد صدیقی، پرنسپل وی ٹی آئی ظفر عباس کھچی، متعلقہ سرکاری آفیسرز، یونیورسٹی کے فیکلٹی سربراہان اور اساتذہ اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ جنگلات کی ماحولیاتی اہمیت مسلمہ ہے اور انسانی معاشرے کی بقا کا تصور ان کے بغیر تقریباً ناممکن ہے۔

(جاری ہے)

جنگلات کی موجودگی کسی ملک کے ماحول، شہری ترقی، معیشت اور انسانوں کو موسمی تغیرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ ڈپٹی کمشنر شعیب جدون نے طلباء و طالبات کو زور دے کر کہا کہ عالمی معیارات کے مطابق کسی بھی ملک کے کم از کم 25 فیصد رقبے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے۔

ہماری معیشت و معاشرت پانی اور درختوں کی کمی کی وجہ سے شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ بے دریغ درخت کاٹنے کی وجہ سے فضا میں موجود Ozone کی تہہ کمزور پڑتی جا رہی ہے جس سے کینسر جیسے مہلک امراض بڑھ رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شعیب جدون نے بتایا کہ ضلع میں ڈھائی لاکھ پودوں کا ہدف ہے لیکن ہم انشااللہ پانچ لاکھ پودے لگائیں گے اور نیو کیمپس یونیورسٹی میں ایک ہزار پودے لگا دیے گئے ہیں تقریب میں یونیورسٹی سٹوڈنٹس نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر اجتماعی طور پرسیکڑوں پودے بھی لگائے۔

تقریب کے بعد ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں کشمیری عوام کے ساتھ یک جہتی کے طور پر واک بھی کی گئی واک کے شرکاء نے کشمیری عوام کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔ واک کے شرکاء نے فل شگاف انداز میں جوش و خروش سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگائے۔