تاریخ کے اس نازک موڑ پر پختون قوم کے درمیان وسیع تر اتحاد کی اشد ضرورت ہے،سکندرشیرپائو

ہفتہ 17 اگست 2019 19:37

تاریخ کے اس نازک موڑ پر پختون قوم کے درمیان وسیع تر اتحاد کی اشد ضرورت ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) پختونخوا جمہوری اتحادکا ایک اہم اجلاس وطن کور پشاور میں زیر صدارت کنوینئر سکندر حیات خان شیرپائومنعقد ہواجس میں ملکی،علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا گیااور اس حوالے سے پختون قوم کو درپیش مسائل او رخطرات پر تفصیلی بحث کی گئی۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ تاریخ کے اس نازک موڑ پر پختون قوم کے درمیان وسیع تر اتحاد کی اشد ضرورت ہے ۔

اجلاس میں اس حوالے سے آگاہی مہم ،سیمینار ز، علاقائی اور قومی جرگے منعقد کرنے کی تجاویز پیش کی گئی۔اجلاس میں تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو اس حوالے سے مختلف پارٹیوں،تحاریک اور فورمز سے رابطے کرے گی ۔اجلاس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک تصفیہ طلب مسئلہ ہے لہٰذا دونوں ممالک اس مسئلے کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں افغانستان میں جاری امن عمل کی تائید کی گئی اور اس بات پر اتفاق رائے ہوا کہ افغانستان میں جمہوری عمل ہر حالت میں جاری رہنا چاہیے ۔اجلاس نے اس بات پر بھی اتفاق رائے کیا کہ کشمیر اور افغانستان کے مسائل کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنا مناسب نہیں ہے لہٰذا افغانستان کے مسئلے کو کشمیر کے تناظر میں دیکھنا درست نہیں۔ اس موقع پر پختونخوا جمہوری اتحاد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پختونوں کے حقوق و تحفظ اور مسائل و مشکلات کے خاتمے کیلئے کوششیں مزید تیز کی جائیں گی ۔