سعودی عرب کو بھارت کے ساتھ معاہدے معطل کرنے چاہئیں،لارڈ نذیرکا مطالبہ

پاکستانی اورکشمیری کمیونٹی نے بھارت کو واضح پیغام دیا، بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج سے مودی سرکار بوکھلا گئی۔ لندن میں پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 17 اگست 2019 19:45

سعودی عرب کو بھارت کے ساتھ معاہدے معطل کرنے چاہئیں،لارڈ نذیرکا مطالبہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اگست 2019ء) برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ نذیر نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو بھارت کے ساتھ معاہدے معطل کرنے چاہئیں، بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج سے مودی سرکار بوکھلا گئی، کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے بھارت کو واضح پیغام دیا۔انہوں نے لندن میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج سے مودی سرکار میں تھرتھلی مچ گئی ہے۔

کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے بھارت کو واضح پیغام دیا۔ پوری دنیا آج کشمیریوں کی آواز بن گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب کو بھارت کے ساتھ معاہدے معطل کرنے چاہئیں۔ واضح رہے سعودی عرب نے بھارت میں 75 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی کمپنی آرامکو کی جانب سے بھارتی کمپنی ریلائنس کے 20 فیصد شیئرز خریدے جائیں گے، یہ بھارت کی تاریخ کی سب سے بڑی بیرونی سرمایہ کاری ہوگی۔

(جاری ہے)

اس سرمایہ کاری کے تحت سعودی عرب کی جانب سے یومیہ بنیاد پر 5 لاکھ بیرل خام تیل بھارت بھیجا جائے گا۔ یہ خام تیل ریلائنس کی آئل ریفائنری منتقل کیا جائے گا جو یومیہ 14 لاکھ بیرل خام تیل پراسیس کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اسی طرح حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے آج یہاں پاکستان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اوربیرون ممالک میں کشمیرکے لیے جدوجہد کی جا رہی ہے۔

کشمیری خواتین کا تحریک میں بڑا کردارہے۔ مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قرارداد اورکشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہو۔ دشمن بزدل اورڈرپوک ہے۔ نہتی قوم پرظلم کررہا ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ مذہب کی بنیاد پرآزادی چھیننا سب سے بڑا جرم ہے۔

بھارت نے محبوبہ مفتی اور فاروق عبداللہ کواستعمال کرکے پھینک دیا۔ مشعال ملک نے کہا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس پاکستان اور کشمیریوں کی فتح ہے، دنیا ہوش کے ناخن لے، پر سلامتی کونسل کی فوری رولنگ آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام کی یہ فتح ہے کہ مسئلہ کشمیرسلامتی کونسل میں پہنچا ہے۔ آج پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی آواز بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ہوش کے ناخن لے اس مسئلے پر سلامتی کونسل کی فوری رولنگ آنی چاہیے۔