پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا کے بہترین استعمال، سمارٹ سفارتی اقدامات اور دنیا بھر میں سرکاری اور سول سوسائٹی کی جانب سے تنازعہ کشمیر کو اجا گر کرنے کیلئے کئے گئے پرامن مظاہروں کے نتیجہ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالہ سے کیا جانے والا بھارتی پروپیگنڈہ ناکام

اتوار 18 اگست 2019 15:40

پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا کے بہترین استعمال، سمارٹ سفارتی اقدامات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2019ء) پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا کے بہترین استعمال، سمارٹ سفارتی اقدامات اور دنیا بھر میں سرکاری اور سول سوسائٹی کی جانب سے تنازعہ کشمیر کو اجا گر کرنے کیلئے کئے گئے پرامن مظاہروں کے نتیجہ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالہ سے کئے جانے والے بھارتی پروپیگنڈہ کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

کشمیر کا مسئلہ جنوبی ایشیاء کا سب سے پرانا تنازعہ ہے، پاکستان کی موثر سفارتکاری سے یہ مسئلہ اب پوری دنیا میں اجاگر ہو چکا ہے اور عالمی برادری مقبوضہ وادی کے حوالہ سے بھارتی اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس مسئلہ پر اجلاس بھی کیا ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر کی حیثیت میں تبدیلی کے حالیہ بھارتی اقدامات اور جبر و تشدد میں اضافہ کے بعد اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانی و کشمیری برادری سمیت مختلف ممالک کے شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا کے بہترین استعمال، پاکستان کی موثر خارجہ پالیسی اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے دنیا بھر میں کئے گئے پرامن احتجاج کے باعث بھارت کا سیاہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہوا ہے، یہی وجہ ہے کہ عالمی برادری اس پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے اوردنیا کے سب سے بڑے سفارتی فورم اقوام متحدہ سمیت پوری عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دے رہی ہے اور مقبوضہ وادی میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے۔