Live Updates

وزیرخارجہ نے تہمینہ جنجوعہ کو جنیوا میں اہم ذمہ داری سونپ دی

شاہ محمود قریشی سے تہمینہ جنجوعہ کی ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال اورسفارتی امور پر تبادلہ خیال،سابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ جنیوا میں بھارت کے غاصبانہ اقدامات سے دنیا کو آگاہ کریں گی۔ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 19 اگست 2019 16:50

وزیرخارجہ نے تہمینہ جنجوعہ کو جنیوا میں اہم ذمہ داری سونپ دی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اگست 2019ء) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے سابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال سمیت اہم سفارتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے وزارت خارجہ کے دفتر میں سابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی ملاقات ہوئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال سمیت اہم سفارتی امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پروزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے تہمینہ جنجوعہ کوفوری جنیوا پہنچ کرذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کردی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ سابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ کی ہدایت پرملک کے وسیع ترمفاد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہوں گی۔

(جاری ہے)

سابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ جنیوا میں بھارت کے غاصبانہ اقدامات سے دنیا کو آگاہ کریں گی۔ مزید برآں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کے یوم استقلال پر افغانستان کی حکومت اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پیر کو افغانستان کے یوم استقلال پر تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کے یوم استقلال پر افغانستان کی حکومت اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر امن افغانستان کا خواہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے عوام صدیوں پرانے سماجی ، معاشرتی اور معاشی رشتوں سے منسلک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پر امن افغانستان پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے ، خلوصِ نیت سے مصالحانہ کردار ادا کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات