ریٹائرملازمین کو گروپ انشورنس کی عدم ادائیگی کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا

پیر 19 اگست 2019 22:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) فائٹ فار رائٹس آف ریٹائرایمپلائز پاکستان اسٹیل مل کے چیف آرگنائزر جاوید اکرم ودیگر نے پاکستان اسٹیل کے ریٹائرہونے والے ملازمین کو گروپ انشورنس کی ادائیگی کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی ۔جبکہ لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے چیئرمین سیدذوالفقارشاہ نے بھی آئینی درخواست میں فریق بننے کی درخواست دے دی ۔

درخواست کی پیروی ممتاز قانون دان ندیم شیخ ایڈوکیٹ اور سلیم مائیکل ایڈوکیٹ کرینگے ۔واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے ایک آئینی درخواست میں فیصلہ دیتے ہوئے قرار دیا تھا کہ ریٹائر ملازمین کو گروپ انشورنس کی ادائیگی کی جائے ۔اس فیصلے کے برخلاف صوبائی حکومت خیبر پختون خواہ اپیل میں سپریم کورٹ چلی گئی ۔

(جاری ہے)

اس کیس کی سماعت کے بعد خیبر پختون خواہ حکومت کی اپیل کو سپریم کورٹ نے خارج کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو گروپ انشورنس کی ادائیگی کے لیے ہزاروں ریٹائرملازمین نے متعدد درخواستیں پاکستان اسٹیل انتظامیہ اور وزارت پیداوار کو ارسال کی گئی ۔لیکن انکی جانب سے گروپ انشورنس کی ادائیگی کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے ۔اور نہ ہی کوئی تسلی بخش جواب دیا گیا ۔جس پر قانونی مشاورت کے بعد پاکستان اسٹیل مل کے ریٹائر ملازمین کو گروپ انشورنس کی ادائیگی کے لیے ایک آئینی درخواست نمبر 5111/2019سندھ ہائی کورٹ میں دائر کردی گئی جسکی سماعت مورخہ 21اگست 2019کو ہوگی ۔