میرا داماد اپنے والد کیلئے لڑ رہا تھا اس لئے اسے قتل کے چار سال پرانے کیس میں ملوث کر دیا گیا ‘ اہلیہ رانا ثنا اللہ

بیوی کو توڑ نہیں سکے تو اب ایک ماں کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں،میرے پاس نواسہ ہی رہ گیا ہے حکومت اس کو بھی لے لے

منگل 20 اگست 2019 17:19

میرا داماد اپنے والد کیلئے لڑ رہا تھا اس لئے اسے قتل کے چار سال پرانے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کی اہلیہ نبیلہ ثنا اللہ نے کہا ہے کہ میرے داماد کو بھی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا ،میرا داماد اپنے والد رانا ثنااللہ کے لئے لڑ رہا تھا اس لئے اسے قتل کے چار سال پرانے کیس میں ملوث کر دیا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی بیٹی اور نواسے کے ہمراہ کیمپ جیل میں رانا ثنا اللہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ میرے داماد رانا شہریار کو قتل کیس میں مشاورت کے الزام میں شامل تفتیش کیا گیا ہے اور یہ مشاورت جلد سامنے آئے گی۔ وہ اپنے باپ کے پیچھے آتا تھا اور لڑ رہا تھا اس لئے اسے جھوٹے کیس میں میں ملوث کیا گیا ہے اور اس کو انتقامی کاررائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ابھی تک رانا شہریار کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل نہیں بھجوایا گیا،وہ فیصل آباد پولیس کی حراست میں ہے ۔

ہم نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے اور اللہ بہت بڑا ہے اور سب کا وارث ہے۔ انہوںنے کہاکہ رانا ثنا اللہ کی طبیعت ٹھیک ہے ،رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جیسے میں سرخرو ہو کر باہر آئوں گا ویسے ہی شہریار بھی سرخرو ہو کر آئے گا۔ انہوںنے کہاکہ میرے بیٹے کو قاتل بنا دیا گیا، میرے شوہر کو سمگلر اور منشیات فروش بنا دیا گیا، میں کیسے ٹھیک ہو سکتی ہوں،بیوی کو توڑ نہیں سکے تو اب ایک ماں کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں،اب میرے پاس نواسہ ہی رہ گیا ہے، حکومت اس کو بھی لے لے مجھے کوئی پرواہ نہیں۔