اوستہ محمد مسافر کوچوں اور ڈاکسن پک اپ کے زریعے ایرانی پیٹرول و ڈیزل کی سمگلنگ عروج پر

روزانہ درجنوں گاڑیاں خضدار سے جھل مگسی کے راستے اوستہ محمد سمیت دیگر شہروں میں ایرانی پیٹرول کی سپلائی کا سلسلہ جاری۔

بدھ 28 اگست 2019 15:27

اوستہ محمد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2019ء) اوستہ محمد مسافر کوچوں اور ڈاکسن پک اپ کے زریعے ایرانی پیٹرول و ڈیزل کی اسمنگلنگ عروج پر ۔روزانہ درجنوں گاڑیاں خضدار سے جھل مگسی کے راستے اوستہ محمد سمیت دیگر شہروں میں ایرانی پیٹرول کی سپلائی کا سلسلہ جاری۔فیلنگ اسٹیشن پر سر عام ایرانی پیٹرول و ڈیزل پاکستانی پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں پر فروخت کیا جا رہا ہے۔

قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان کا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی نے احتجاج کی دھمکی دے دی۔حکام بالا اس جانب فوری نوٹس لیں۔ان خیالات کا اظہار آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری میر منیر احمد مینگل نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے اوستہ محمد سمیت دیگر شہروں میں ایرانی پیٹرول وڈیزل کا کاروبار عروج پر ہے۔

(جاری ہے)

روزانہ درجنوں مسافر کوچز اور ڈاکسن پک اپ گاڑیوں کے زریعے خضدار سے جھل مگسی کے راستے سے اوستہ محمد سمیت دیگر شہروں میں ایرانی پیٹرول و ڈیزل اسمنگلنگ کی جا رہی ہے۔جبکہ مسافر کوچوں میں کوئی مسافر سوار نہیں ہوتے جبکہ مبینہ طور پر ایرانی پیٹرول و ڈیزل سے لوڈ ہوتے ہیں اور سر عام شہر کی فیلنگ اشٹیشنوں پر فروخت کر رہے ہیں۔ایرانی پیٹرول و ڈیزل کا سر عام کاروبار کرنے سے ملکی معشیت کو بڑا نقصان ہو رہا ہے اور ایرانی تیل استعمال کرنے کی وجہ سے کئی قیمتی گاڑیوں کو نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوستہ محمد میں جنگل کا قانون نافذ ہے۔حکومتی رٹ کہیں پر نظر نہیں آ رہی۔سر عام ایرانی پیٹرول و ڈیزل کی سمنگلنگ مقامی اداروں کیلئے ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔میر منیرمینگل نے مذید کہا کہ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی اس بات کی ہر گز اجازت نہیں دے گی۔ڈی پی او جعفرآباد ،ڈی سی جعفرآباد اس جانب فوری نوٹس لیں اور مسافر کوچوں کے زریعے ایرانی پیڑول و ڈیزل کی اسمنگلنگ کرنے والے کوچز مالکان کے خلاف قانون کے تحت کاروائی کر کے قیمتی جانوں کو محفوظ بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے اس جانب فوری نوٹس نہ لیا تو آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی عوامی طاقت سے تحریک چلانے سے دریغ نہیں کرے گی۔