بھارت کی مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالی انسانیت کی توہین کے مترادف ہے،

نام نہاد جمہوری دنیاکے باوجود 21 ویں صدی میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا، برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس ذکریا کی برطانوی ایوان نمائندگان میں پارلیمنٹرینزکو کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ

جمعرات 5 ستمبر 2019 12:18

بھارت کی مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالی انسانیت کی توہین کے ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2019ء) برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں آرٹیکل 370کے خاتمے کے اقدام اور گزشتہ 7دہائیوں سے جاری بھارتی جارحیت اور انسانی المیہ اس بات کی دلیل ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے۔ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق انہوں نے یہ بات مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران پر برطانوی ایوان نمائندگان میں پارلیمنٹرینزکو بریفنگ کے دوران کہی۔

پارلیمان میں کثیر تعداد میں برطانوی پالیمنٹرینز اور کشمیر کے متعلق آل پارٹی پارلیمنٹری گروپ کے ارکان نے شرکت کی۔ پارلیمان میں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ کے دوران ہائی کمشنر نے کہا کہ بھارت گزشتہ 7دہائیوں اور آرٹیکل 370کے خاتمے کے اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کھلم کھلا انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے جو انسانیت کی توہین کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر بھارت کے مظالم، قتل عام، جعلی مقابلے، اغوا اور جبری گمشدگی کے واقعات، خطرناک ہتھیاروں جیسے پیلٹ گنز اور کلسٹر بموں کا بے دریغ استعمال اقوام متحدہ کی قراردادوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 31 روز سے مکمل لاک ڈائون ہے، مواصلات کا نظام معطل ہے، میڈیا پر پابندی، زیادتی، نظربندیاں، اغواء، پیلٹ گنز اور خطرناک ہتھیاوں کا استعمال قابل تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوری دنیاکے باوجود 21 ویں صدی میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں، بین الاقوامی این جی اوز، ایمنسٹی انٹرنیشنل، او ایچ سی ایچ آر، آئی پی ایچ آر سی، ہیومن رائٹس واچ اور سول سوسائٹی کے ممبران کشمیر میں قتل عام کو روکنے، انصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت، حقوق اور انصاف کے لیے سفارتی اور سیاسی سطح پر حمایت جاری رکھے گا اور اس کے لیے تمام آپشنز استعمال کرے گا۔ انہوں نے برطانوی پارلیمان کے اراکین پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز بنیں۔ اس موقع پر برطانوی پارلیمان نے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال،کشمیریوں کی جبری قید پر تشویش کا اظہار کیا۔ پارلیمان کے اراکین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے اور وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خاتمے اور بحالی کے لیے کام جاری رکھیں گے۔