بلدیو کمار کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے، شوکت یوسفزئی

ہمارے آباؤ اجداد 300 سال سے یہاں مقیم ہیں ، بلدیو کمار کی بھارت منتقلی کی وجوہات ذاتی ہیں، امر جیت سنگھ ملہوترا

بدھ 11 ستمبر 2019 20:57

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ بلدیو کمار کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کے سابق اقلیتی رکن اور پی ٹی آئی کے سابق رہنما بلدیو کمار نے بھارت میں سیاسی پناہ کی درخواست دی ہے، معاملے پر اب وزیراطلاعات خیبرپختوتنخوا شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بلدیو کمار کی تحریک انصاف کی رکنیت ختم کردی تھی، وہ جہاں رہنا چاہتے ہیں رہیں، ہمارا ان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، تحریک انصاف میں جرائم پیشہ لوگوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیو کمار پر اقلیتی ایم پی اے سورن سنگھ کے قتل کا مقدمہ چلا، عدالت نے بلدیو کمار کو بری کیا ہے لیکن سورن سنگھ کے خاندان کا الزام اپنی جگہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں خیبرپختونخوا اسمبلی کے سابق اقلیتی رکن بلدیو کمار نے بھارت میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی۔بلدیو کمار کو 2016 میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر سردار سورن سنگھ کے قتل کے مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا اور انہیں گرفتار کرکے مقدمہ چلایا گیا تاہم گزشتہ سال عدالت نے انہیں عدم ثبوت کی بناء پر بری کردیا تھا۔

بلدیو کمار سردار سورن سنگھ کے قتل کے بعد اقلیتی نشست پر تحریک انصاف کی جانب خیبرپختونخوا کے رکن اسمبلی رہے ہیں۔بلدیو کمار نے بھارت میں سیاسی پناہ کی درخواست دیتے ہوئے کہا کہ بیوی بچوں کو پہلے ہی بھارت منتقل کرچکا ہوں اور اب خود سیاسی پناہ کیلئے بھارت آیا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو بھارت میں محفوظ سمجھتے ہیں، اس لیے بھارت پہنچے ہیں۔

بھارت میں پناہ کی درخواست دینے والے بلدیو کمار کا تعلق سوات کے علاقے بریکوٹ سے ہے جہاں ان کا خاندان صدیوں سے آباد ہے،بلدیو کمار ایک ماہ پہلے ہی بیٹی کے علاج کا ویزہ لے کر بھارت گئے تھے۔بلدیو کمار کے کزن اور سابق سینیٹر امرجیت سنگھ ملہوترا کا کہنا ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد 300 سال سے یہاں مقیم ہیں لیکن بلدیو کمار کی بھارت منتقلی کی وجوہات ذاتی ہیں، اس کی اہلیہ بھارتی شہری ہے جو 6 ماہ پہلے ہی بھارت چلی گئی تھی اور واپس سے انکار کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بلدیو سیاسی پناہ کی بات سستی شہرت اور بھارتی شہریت کیلئے کر رہا ہے۔بلدیو کمار کے بھتیجے کے مطابق وہ پاکستان میں بہت خوش ہیں، پتہ نہیں چچا یہ سب کیوں کر رہے ہیں ہم پاکستان میں آرام سے کاروبار کر رہے ہیں۔