ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں نئے تعلیمی سال کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیاں جاری

بدھ 11 ستمبر 2019 22:47

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں نئے تعلیمی سال کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیاں جاری ہیں۔ یونیورسٹی کی چاروں فیکلٹیز کے 40 تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں 12 ہزار سے زائد طلباء و طالبات اور سکالرزحصہ لے رہے ہیں۔ تعلیمی و تحقیقی سہولیات کا جائزہ لینے کے حوالہ سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ نے مختلف تعلیمی شعبوں کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر اساتذہ اور طلباء و طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی تعلیمی و تحقیقی حوالے سے بلاشبہ ملکی سطح پر ایک مقام رکھتی ہے، یہاں کے اساتذہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار ہیں، یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کا تعلق صوبہ کے تمام اضلاع، کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر اضلاع سے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالب علموںکو خصوصی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس ادارے کے سفیر ہیں، آپ نے یہاں سے تعلیم و تحقیق مکمل کرکے اس ملک کا مفید شہری بننا ہے اور یونیورسٹی میں قیام کے دوران ہر موقع پر اپنا مقصد حاصل کرتے ہوئے اپنے والدین کے خوابوں کو سامنے رکھ کر تعلیمی اہداف حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے پاکستان کی باگ ڈور سنبھالنی ہے، آپ نے اپنے اپنے شعبوں میں خود کو اہل ثابت کرتے ہوئے مستقبل کا لیڈر بننا ہے اور اپنی صلاحیتوں ، علم و تحقیق کی بنیاد پر اس ملک کو درپیش مسائل کے حل کا چیلنج قبول کرنا ہے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ آپ نے اپنا تشخص، اپنی پہچان پیدا کرنی ہے اور مسلمان اور سچا پاکستانی بننا ہے اور اپنی روایات، اقدار اور علاقائی ثقافت کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیم و تحقیق کے مراحل عبور کرنے ہیں اور یونیورسٹی میں قیام کو بامقصد بنانا ہے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے ڈینز، تعلیمی شعبوں کے سربراہان اور انتظامی شعبوں کے بعض افسران بھی موجود تھے۔