Live Updates

اگر کسی علاقے میں ٹارچر سیل ملا تو اس کے ڈی ایس پی اور ڈی پی او ذمے دار ہوں گے ‘شہباز گل

حیرت ہے جو پولیس کو خواتین پر تشدد کا حکم دیتے تھے آج وہی لوگ اسے برا بھلا کہہ رہے ہیں‘ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کاپریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 11 ستمبر 2019 23:04

اگر کسی علاقے میں ٹارچر سیل ملا تو اس کے ڈی ایس پی اور ڈی پی او ذمے دار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) وزیر اعلی پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ہر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ، ڈسٹرکٹ پولیس افسر سے یہ حلف نامہ لیں گے کہ ان کے علاقے میں کوئی ٹارچر سیل نہیں،وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو 5 سال کے لیے وزیر اعلی پنجاب بنایا ہے، اگر کسی کو عثمان بزدار کی شکل اچھی نہیں لگتی تو وہ کچھ نہیں کر سکتے،ماضی کی طرح وزیراعلی پنجاب ایک دو مہینے نہیں مانگیں گے بلکہ جس دن وزیراعظم کا حکم آیا عثمان بزدار 12 گھنٹوں میں وزیر اعلی ہاس چھوڑدیں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہاکہ وزیر اعظم نے واضح پیغام دیا ہے کہ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہے تشدد کے لیے نہیں، لہذا کسی صورت میں بھی کسی پر تشدد کے لیے کسی کو اجازت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ 'پولیس کلچر بدلنے میں وقت لگتا ہے، کوئی بھی کام ایک دن میں نہیں ہوتا، میں ملک سے باہر تھا اور پولیس سے متعلق خبریں سنا کرتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 'حیرت ہے جو پولیس کو خواتین پر تشدد کا حکم دیتے تھے آج وہی لوگ اسے برا بھلا کہہ رہے ہیں۔شہباز گل نے اعلان کیا کہ'اگر کسی علاقے میں ٹارچر سیل ملا تو اس کے ڈی ایس پی اور ڈی پی او ذمے دار ہوں گے کیونکہ اس سے قبل اس قسم کے تمام مقدمات سپاہی پر درج کردئیے جاتے تھے۔انہوںنے کہاکہ ہر ڈی ایس پی، ڈی پی او سے حلف نامہ لیں گے کہ ان کے علاقے میں کوئی ٹارچر سیل نہیں جبکہ ہر تھانے میں ایک پبلک ریلیشن آفیسر تعینات کررہے ہیں جو عوام سے رابطے میں ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ ہر تھانے میں شکایت باکس بھی نصب کیا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ 'پولیس حراست میں تشدد کے واقعات پر وزیر اعلی پنجاب نے ایک خود مختار بورڈ بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، جس میں ہر طبقے کے افراد ہوں گے، بورڈ پولیس کے ہر معاملے کی انکوائری کرے گا۔انہوں نے کہا کہ 'پولیس کو ٹھیک کرنا مشکل کام ہے، ہم اصلاحات کے وعدے پر قائم ہیں، خیبر پختونخوا میں پولیس نظام ٹھیک کرنے میں 2 سے 2.5 سال لگ گئے تھے، پنجاب میں بھی پولیس کا نظام جلد ٹھیک ہو جائے گا۔

ترجمان وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ وزیر اعظم کا عوام سے وعدہ ہے کہ پولیس کا نظام ٹھیک کر کے دکھائیں گے۔کشمیر کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کو بھارتی حکومت نے ٹارچر سیل بنا دیا ہے، دنیا کو یہ سچ ماننا پڑے گا کہ کشمیر کو ایک عقوبت خانہ بنا دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 'ظلم کرنے پر ظالم کو قیمت چکانی پڑتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات