Live Updates

ائر مارشل(ر) ارشد ملک کی قیادت میں پی آئی اے خسارے سے نکل کر منافع بخش ادارہ بننے لگا ہے، عثمان ڈار

بدھ 11 ستمبر 2019 23:55

ائر مارشل(ر) ارشد ملک کی قیادت میں پی آئی اے خسارے سے نکل کر منافع بخش ..
سیالکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) وزیر اعظم کے امور نوجواناں کے خصوصی معاون عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویثرن پر عمل کرتے ہوئے ائر مارشل (ر)ارشد ملک کی قیادت میں پی آئی اے خسارے سے نکل کر منافع بخش ادارہ بننے لگا ہے۔ سیالکوٹ کو لندن سے ملا کر پی آئی اے نے ایک تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ لندن کے درمیان ہفتہ وار براہ راست پرواز کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین سیال ندیم انور قریشی نے تقریب کی صدرات کی جبکہ پی ائی اے کے ہیڈ آف سیکورٹی اینڈ ویجلینس ائر کموڈور شاہد قادر مہمان ذی وقار کے طور پر موجود تھے۔ وائس چیئرمین چودھری محمد افضل شاہین ، چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ر) محمد عابد نذیر ، چیئرمین بزنس ڈویلپمنٹ کمیٹی میاں نعیم جاوید ، بانی چیئرمین میاں محمد ریاض ، نومنتخب صدر سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت ملک محمد اشرف اعوان، سابق چیئرمین شیخ محمد یعقوب، اشفاق احمد چودھری، نعیم اختر ، انجنیئر خاور انور خواجہ، سابق وائس چیئرمین چودھری رضا منیر، ڈائریکٹران سیال ذولفقار احسن بھٹی، محمد دائود سائر، چودھری محمد رفیق ویرم، ایگزیکٹو ممبر سیالکوٹ چیمبر قیصر بریار، کمپنی سیکرٹری محمد جہانگیر خان ، چیف فنانس آفیسر سیال بشیر احمد، جنرل منیجر بریگیڈئر (ر) محمد نواز،ائرپورٹ منیجر نثار احمد ، پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد ندیم اسلم ، چیف سیکورٹی آفیسر ائرپورٹس سکیورٹی فورس سیال میجر محمد اشفاق، منیجر سیکورٹی لاہور عاصم امتیاز، سیکورٹی آفیسر فیصل معروف ، سیدہ پاغندہ ، وقاص انور، ڈسٹرکٹ منیجر پی آئی اے سرفراز احمد، اسٹیشن منیجر طارق گلزار ، سینئر آر ٹی او کرکٹر زاہد فضل، سیلز پروموشن افیسر جواد انجم اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ ویسے تو سرکاری ائرپورٹوں کو پرائیوٹائز کرنے کاسوچا جا تا ہے لیکن سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے پرائیویٹ سیکٹر میں وطن عزیز کا سب سے پہلا بین الاقوامی ائر پورٹ بنا کر جو پودا لگایا وہ اللہ تبارک کے فضل وکرم سے ایک تن آور درخت بن چکا ہے جس کے لیے سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی مبارک باد کی مستحق ہے۔پی آئی اے نے شروع دن سے اس ائرپورٹ کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔

صرف چند ماہ میں شارجہ ، پیرس بارسلونا اور اب لندن کے لیے براہ راست پرواز کا آغاز ایک قابل تحسین قدم ہے ۔ ان شاء اللہ اب ہماری اگلی منزل نیویارک اور اوسلو ہے جس کے لیے ہم نے حکام سے بات چیت شروع کردی ہے۔انہوں نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل (ر)ارشد ملک ، چیئرمین سیال ندیم انور قریشی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ر) محمد عابد نذیر کی کاوشوں کا بطور خاص ذکر کیا۔

قومی ائرلائنز پی آئی اے ایک نعمت سے کم نہیں اسے کامیاب بنانا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ ہیڈ آف سیکورٹی اینڈ ویجلینس ائر کموڈور شاہد قادر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیالکوٹ ائر پورٹ اپنی جدید ترین سہولتوں کی وجہ سے دنیا بھر کی توجہ کا مرکز ہے۔یہ ہم سب کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ برطانیہ کے ادارے ڈی ایف جی نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی ائرپورٹ کو دو سال کی بجائے تین سال کے لیے ACC-3، RA 3 اور مسافروں کے لیے سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے۔

اب ہمارا فرض ہے کہ اس عزاز کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ لندن کی ہفتہ وار پرواز کو کامیاب بنانے کے سیال انتطامیہ اور سیالکوٹ چیمبر کو بھر پور کردار ادا کر نے کے لئے کوششیں کرنی چاہیے ۔چیئرمین سیال ندیم انور قریشی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہو ئے سیالکوٹ سے پہلے شارجہ ، پیرس بارسلونا اور اب لندن کے براہ راست پرواز شروع کروانے پر عثمان ڈار ، وفاقی وزیر محمد میاں سومرو، چودھری غلام سرور اور سیکرٹری سول ایوی ایشن ڈویثرن شاہ رخ نصرت کا بطور خاص شکریہ ادا کیا او سیالکوٹ اور لندن کے درمیان سروس کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ر) محمد عابد نذیر نے پی آئی اے کی موجودہ انتظامیہ کی طرف سے سیالکوٹ ائرپورٹ کے ساتھ خصوصی اہمیت دینے پر ائرمارشل ارشد ملک کا شکریہ ادا کیا اور سیال کو کامیاب بنانے میں تمام سابق چیئرمین اور وائس چیئرمین اور تمام ڈائریکٹروں کا شکر یہ کیا اورسیالکوٹ ائرپورٹ کو مثالی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی عثمان ڈار اور ائر کموڈور شاہد قادر کو یادگاری شیلڈیں بھی پیش کی گئیں جبکہ کیک بھی کاٹا گیا۔

قبل ازیں لندن سے آنے والی افتتاحی پرواز PK 778 سیالکوٹ نٹرنیشنل ائرپورٹ پر 107 مسافر لے کر اتری تو جہاز کو آبی توپوں کی سلامی دی گئی لند ن سے آنے اور جانے والے تمام مسافروں کا شاندار استقبال کیا گیا ۔ لندن روانہ ہونے والی پرواز پی کے 777 میں 294 مسافر وں کو الوداع کیا گیا۔لندن سے آنے والے پہلے مسافر محمد عباس نے فیتہ کاٹنے کی رسم ادا کی اور ان لمحوں کو یادگار بنایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات