Live Updates

پنجاب کابینہ میں نئے وزیر کو لانے کی تیاری

ایم پی اے ملک اسد کھوکھر کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا،آج وزارت کا حلف اُٹھائیں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 13 ستمبر 2019 14:21

پنجاب کابینہ میں نئے وزیر کو لانے کی تیاری
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 ستمبر 2019ء) : پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے ملک اسد کھوکھر کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔اسد کھوکھر کو صوبائی وزیر بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ملک اسد کھو کھر آج گورنر ہاؤس لاہور میں وزارت حلف اٹھائیں گے۔

قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ ملک اسد کھوکھر سے حلف لیں گے۔تقریب میں صوبائی وزراء اور پی ٹی آئی کے ارکان بھی شریک ہوں گے۔ خیال رہے کہ اسد کھوکھر وزیر اعلیٰ پنجاب شکایت سیل کے چئیرمین کے طور پر بھی کام کرتے رہے۔تاہم گذشتہ ماہ رکن پنجاب اسمبلی اسد کھوکھر نے اختلافات کے باعث چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب شکایت سیل کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

(جاری ہے)

ملک اسد کھوکھر کا بتانا تھا کہ استعفیٰ ذاتی وجوہات کی بنا پر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بطور چئیرمین شکایت سیل مین اپنے حلقے میں وقت نہیں دے پا رہا۔ انہوں نے کہا اگر آئندہ حکومت کی جانب سے کوئی ذمہ داری دی گئی تو وہ ضرور کام کریں گے۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد کھوکھر نے اختلافات کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ اسد کھوکھر کی جانب سے استعفیٰ دیے جانے کے بعد وزیراعلی پنجاب کا قائم کردہ شکایات سیل غیر فعال ہوگیا تھا۔

واضح رہے پنجاب کابینہ میں ردوبدل کا امکان پہلے ہی ظاہر کیا جا رہا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبد العلیم خان کو ایک مرتبہ پھر سے پنجاب کابینہ کا حصہ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔بتایا گیا تھا کہ عبد العلیم خان کو پنجاب کابینہ کا حصہ بنائے جانے سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے منظوری بھی دے دی ہے۔ منظوری وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ملاقات کے دوران دی گئی۔ ذرائع کے مطابق علیم خان کو وزیر بلدیات بنائے جانے کا امکان ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات