کشمیری تنہا نہیں ہیں، صورتحال دیکھی جا رہی ہے: ممکنہ امریکی صدارتی امیدوار کاملا ہیرئس

غاصب سمجھتا ہے کہ اس کے اقدامات کوئی نہیں دیکھ رہا مگر کشمیر کے معاملے پر ایسا نہیں ہے: کاملا ہیرئس

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 15 ستمبر 2019 14:32

کشمیری تنہا نہیں ہیں، صورتحال دیکھی جا رہی ہے: ممکنہ امریکی صدارتی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر2019ء) ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی ممکنہ امریکی صدارتی امیدوار کاملا ہیرئس نے بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر بات شروع کر دی ہے۔ کامیلا ہیرئس کا کہنا ہے کہ کشمیری تنہا نہیں ہیں، صورتحال دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ غاصب سمجھتا ہے کہ اس کے اقدامات کوئی نہیں دیکھ رہا مگر کشمیر کے معاملے پر ایسا نہیں ہے۔

کاملا ہیرئس نے ٹیکساس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ امریکی اقداریہ ہیں کہ انسانی حقوق کا معاملہ اٹھایا جائے اور جہاں مناسب ہو وہاں مداخلت کی جائے ، ان کا کہنا تھا کہ وہ صدر بنیں تو اِنہی اقدار پر عمل کریں گی۔ امریکاکےسابق نائب صدراور ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند جوبائیڈن نے بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پربات کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر میں جو ہو رہا ہے اسے تبدیل ہونا چاہیے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے بھی مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز اٹھائی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں ملالہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ ہفتہ کشمیر میں موجود طالبعلموں، صحافیوں، وکیلوں سے بات کرنے میں صرف کیا۔

ملالہ کا کہنا ہے کہ وہ کشمیری بچیوں سے صورتحال براہ راست سننا چاہتی تھیں۔ تاہم کشمیر میں میڈیا بلیک آؤٹ کی وجہ سے انکی آواز نہیں سن پائی تھیں۔ ملالہ کہتی ہیں کہ 3 کشمیری بچیوں نے بتایا کہ وادی میں خاموشی کا راج ہے۔ کشمیر کی صورتحال ڈراؤنی ہے ہمیں نہیں پتہ باہر کیا ہو رہا ہے۔ صرف بھارتی فوج کے قدموں کی آواز سنائی دیتی ہے جو بہت خوفناک ہے۔

کشمیری بچیوں کا مزید کہنا تھا کہ ہم مایوس اور دباؤ کاشکار ہیں۔ کشمیری بچیاں کہتی ہیں کہ ہم 12 اگست کو امتحان نہیں دے سکیں اور اب ہمارا مستقبل خطرے میں ہے۔ کشمیری بچیوں کا کہنا ہے کہ لوگوں کو اپنے حق میں بولتا دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ انہیں اس دن کا انتظار ہے جب کشمیر آزادی حاصل کرے گا۔ ملالہ نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔