سوات میں پاکستان تحریک انصاف ایک مضبوط قوت بن کر ابھری ہے،امجدعلی خان

اتوار 15 ستمبر 2019 18:20

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ سوات میں پاکستان تحریک انصاف ایک مضبوط قوت بن کر ابھری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کے گائوں پارڑئی میں منعقدہ ایک شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سوات پارڑئی میں پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کی ایک اہم وکٹ گرادی ہے ۔

مسلم لیگ ن کے افتخار نے اپنے خاندان اور دوستوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا اور وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی اور پی ٹی آئی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ساتھ ساتھ چلنے کا عہد کیا ۔ اس موقع پر وزیر معدنیات نے اپنے حلقے کے لئے دو ٹیوب ویل بھی منظور کئے اور سوئی گیس کی مد میں دو پیکجز کا بھی اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے جس نے گزشتہ صوبائی اور قومی انتخابات میں اپنے آپ کو منوا لیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع سوات میں پی ٹی آئی نے گزشتہ ادوار کے مقابلے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں یہی وجہ ہے کہ آئے روز دوسری سیاسی پارٹیوں کے رکن اور کارکنان جوق درجوق پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کے حقوق دلوانے کے لئے ہم شبانہ روز محنت کر رہے ہیں ، ہم ماضی میں عوام کی محرومیوں کا ازالہ کر رہے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ گزشتہ حکومتوں میں ایزی لوڈ اور کرپشن کی کہانیاں عام تھیںتاہم موجودہ حکومت نے کرپشن اور اقرباپروری کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے اور بلا امتیاز عوام کو ان کے حقوق مل رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے گزشتہ انتخابات میں دوسری سیاسی جماعتوں کو مسترد کر کے پی ٹی آئی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اس لئے ہم عوامی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں ۔