مقبوضہ کشمیر کو بھارتی فوج کے لئے قبرستان بنا دینگے‘ناصر حسین ڈار

آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں ۔ جو ملکی سلامتی اور دفاع کیلئے جانوں کی قربانی دے رہے ہیں‘وزیر ٹرانسپورٹ

اتوار 15 ستمبر 2019 18:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) آزاد کشمیر کے وزیر ٹرانسپورٹ و فشریز ناصر حسین ڈار نے کہا مقبوضہ کشمیر کو بھارتی فوج کے لئے قبرستان بنا دینگے ۔ آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں ۔ جو ملکی سلامتی اور دفاع کیلئے جانوں کی قربانی دے رہے ہیں ۔ اس وقت بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ ملک کے اندر اتحاد و یکجہتی کی فضاء پیدا کی جائے اور سیاسی استحکام پیدا کرنے کے لئے تمام پارلیمانی اور غیر پارلیمانی جماعتوں پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس بلا کر مشترکہ فیصلے کئے جائیں ۔

کوئی بھی پاکستانی ملکی دفاع سے غافل نہیں ہوسکتا۔ پاکستان کے اندر موجودہ صورتحال سنجیدگی کا تقاضا کرتی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی،انا پرستی اورعلاقائی ،اجارہ داری قائم کرنے اور کشمیر پر اپنا غیر قانونی وغیر اخلاقی قبضہ برقرار رکھنے کے لیے 42دنوں سے پوری ریاست جموں وکشمیر کافوجی محاصرہ اور ہر شہر اور قصبے میں کرفیو کا نفاذ کر کے ریاست کے اندر شہری آزادیاںمفلوج،عوام کا معاشی قتل کرنے اورگھر گھرتلاشی کے نام پر بیگناہ نوجوانوں کو گرفتار اورخواتین کوحراساں کرنے کا لا متناعی سلسلہ شروع کررکھا ہے۔

لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ دنیائے مہذب ملکوں اوراقوام سمیت سلامتی کونسل اور اسلامی ممالک نے بھی کشمیریوں پر ہونے والے مظالم سے آنکھیں بند کررکھی ہیں۔ناصر حسین ڈار نے کہا کہ حکومت بھارتی مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کرنے اور بھارتی بربریت بند کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کررہی ہے۔وزیر حکومت نے کہا کہ آزادحکومت خطہ کے اندر عوام کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنانے سمیت بھارتی جارحیت کاشکار بننے والوں کوبھرپور مدد کررہی ہے۔