پاکستان نے دہشت گردی میں ملوث مزید دو بھارتی جاسوسوں کا سراغ لگا لیا

بھارتی جاسوسوں کی شناختی تفصیلات ایران اور افغانستان کو بھیج دی ہیں، ذرائع وزار ت داخلہ

پیر 16 ستمبر 2019 13:51

پاکستان نے دہشت گردی میں ملوث مزید دو بھارتی جاسوسوں کا سراغ لگا لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2019ء) پاکستان نے دہشتگردی میں ملوث بھارت کے مزید 2 جاسوسوں کا سراغ لگا لیا ہے۔ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق پاکستان نے بھارتی جاسوسوں کی شناختی تفصیلات ایران اور افغانستان کو بھیج دی ہیں۔ذرائع کے مطابق بھارتی جاسوس سوامی آسیم آنند اور گوبند پارٹ ایران سے بلوچستان آئے اور مستونگ میں دہشتگردی کرائی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بھارتی جاسوس 13 جولائی کو مستونگ میں دہشتگردی کے حملے میں ملوث ہیں، بھارتی جاسوسوں دہشتگردی کی واردات کے بعد افغانستان فرار ہو گئے۔پاکستان نے بھارتی جاسوسوں کی شناخت کے لیے افغانستان اور ایران کو خطوط لکھ دئیے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان نے 2016 میں بلوچستان سے بھارتی بحریہ کے حاضر سروس افسر کلبھوشن جادھو کو حراست میں لیا تھا جو پاکستان میں تخریب کاری کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف بھی کر چکا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں بھی چل رہا ہے۔