چوہدری شجاعت کے انتقال کی جھوٹی خبر پھیلانے والے پکڑے گئے

چوہدری شجاعت کے انتقال کی جھوٹی خبر پھیلانے والوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 17 ستمبر 2019 11:23

چوہدری شجاعت کے انتقال کی جھوٹی خبر پھیلانے والے پکڑے گئے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2019ء) کچھ روز قبل سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت کے کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی تھی۔تاہم چوہدری شجاعت کی سوشل میڈیا پر وفات کی جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے آصف اقبال کے مطابق سوشل میڈیا پر کچھ دنوں پہلے چوہدری شجاعت کے انتقال کی جھوٹی خبریں چلائی گئی جس میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ ملزمان میں غلام رسول ،شیراز علی اور علی شہزاد شامل ہیں جو گجرات کے رہائشی ہیں۔تینوں ملزمان سے تحقیقات کی جارہی ہیں جس کے بعد مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ الہٰی پیلس کی جانب سے ملزمان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کی درخواست کی گئی تھی۔خیال رہے کہ مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری شجاعت حسین صحتیاب ہوگئے۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مونس الٰہی نے بتایا کہ اللہ کے فضل و کرم سے چودھری شجاعت حسین صحیتاب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی وطن واپس لوٹیں گے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری شجاعت حسین علیل تھے جس پر انہیں جرمنی کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا علاج کروایا گیا۔

چودھری شجاعت حسین کے اسپتال داخل ہونے کی خبر موصول ہوتے ہی چودھری پرویز الٰہی ، مونس الٰہی اور چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے اہل خانہ سمیت جرمنی روانہ ہو گئے تھے۔ چودھری شجاعت حسین کے اسپتال منتقل ہونے کی خبروں کے بعد ان کے انتقال کی خبریں بھی گردش کرنا شروع ہو گئی تھیں جس پر مونس الہی نے چودھری شجاعت حسین کے انتقال کی خبروں کی تردید کی اور ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ۔ مونس الہیٰ نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین بالکل ٹھیک ہیں اور تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں۔