وزیراعظم سے پیپلزپارٹی وفد کی ملاقات، حکومت کے رویے پر شکایات کے انبار لگا دیئے

ہرگز حکومت کو گرانا یا مخالفت میں نہیں جانا چاہتے مجبور نہ کیا جائے، سی ای سی اجلاس میں پنجاب میں اپوزیشن بنچز پر بیٹھنے پر غور ہوگا، پیپلزپارٹی کو پنجاب حکومت سے بہت سی شکایات ہیں، وزیراعظم سے بلاول بھٹو اور وفد کی ملاقات میں گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 16 اکتوبر 2025 21:33

وزیراعظم سے پیپلزپارٹی وفد کی ملاقات، حکومت کے رویے پر شکایات کے انبار ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 16 اکتوبر 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف سے پیپلزپارٹی وفد کی ملاقات، حکومت کے رویے پر شکایات کے انبار لگا دیئے، وفد نے کہا کہ ہرگز حکومت کو گرانا یا مخالفت میں نہیں جانا چاہتے مجبور نہ کیا جائے۔ میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی و سکیورٹی صورتحال، اتحادی حکومت کے معاملات اور خطے کی بدلتی صورتحال پربھی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر پی پی وفد نے وفاقی اور پنجاب حکومت کے رویے پر شکایات کے انبار لگا دیئے۔ پیپلزپارٹی کے وفد نے شکایت کی کہ وفاقی وزراء کے رویے پر نالاں ہیں، پیپلزپارٹی کو پنجاب حکومت کے رویے سے بہت سی شکایات ہیں، ہم ہرگز حکومت گرانا یا مخالفت میں نہیں جانا چاہتے مجبور نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ہمارے رہنماؤں کو شکایات ہیں، سی ای سی کا اجلاس بھی اسی معاملے پر بلایا گیا ہے۔

پیپلزپارٹی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں پیپلزپارٹی اہم فیصلے کرے گی۔ سی ای سی اجلاس میں پیپلزپارٹی کے پنجاب میں اپوزیشن بنچز پر بیٹھنے پر غور ہوگا۔ پیپلز پارٹی کے وفد میں راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، نیئر بخاری اور دیگر رہنما شامل تھے جبکہ حکومت کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ آصف، احسن اقبال، عطا تارڑ اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ یاد رہے گزشتہ روز صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران ملکی ، سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا کے مطابق اس موقع پر بھی صدر مملکت نے پنجاب حکومت کے رویہ پر افسوس کا اظہار کیا اور پارٹی تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے صدر کو پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

صدرآصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی برداشت، رواداری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، پیپلزپارٹی سیاست میں گالم گلوچ، تکرار کی قائل نہیں۔ پیپلزپارٹی بلیک میلنگ کی سیاست پر بھی یقین نہیں رکھتی۔ پیپلزپارٹی دوسروں کو عزت دے کر عزت لینے کی قائل ہے، حالیہ کشیدگی کے دوران لیگی قیادت کو نوٹس لے کر مداخلت کرنی چاہیے تھی۔