Live Updates

عمران خان تاریخ میں کشمیریوں کے سب سے زیادہ مضبوط وکیل ثابت ہونگے،

جنرل اسمبلی خطاب تاریخی ثابت ہو گا،علی امین گنڈاپور پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے ،کشمیریوں کو اُن کا حق خو دارادیت دلوانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا،وفاقی وزیر امور کشمیرو گلگت بلتستان

منگل 17 ستمبر 2019 18:02

عمران خان تاریخ میں کشمیریوں کے سب سے زیادہ مضبوط وکیل ثابت ہونگے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے کہا ہے کہ عمران خان تاریخ میں مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کے سب سے زیادہ مضبوط وکیل ثابت ہوں گے اور اُن کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب تاریخی ثابت ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم پاکستان جس طرح کشمیریوں کے حقوق کی آواز جنرل اسمبلی میںبلندکرنے جارہے ہیں شاید ہی پاکستان کی تاریخ میں کسی پاکستانی لیڈر نے اس قدرجاندار موقف اپنایاہو۔

انہوںنے کہاکہ حکومت میں آتے ہی وزیراعظم نے قوم سے اپنے خطاب میں واضح کر دیا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو گا اور اگر بھارت اس مسئلے کے پرُا من حل کے لیے ہماری طرف ایک قدم اٹھائے گا تو ہم بھارت کی جانب دو قدم اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسی طرح پلوامہ حملے کے بعد کی صورت حال میں بھی پاکستان نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے اور27 فروری کے حالات و واقعات نے ثابت کیا کہ کس طرح پاکستان کی سیاسی وفوجی قیادت نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ۔

علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کے لیے گئے اقدامات کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کے مترادف ہے اور ڈیڑھ ماہ سے جاری کرفیو سے کشمیریوں کی نسل کشی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے انہوںنے کہاکہ اس کے علاوہ کشمیری نوجوانوں کے ساتھ انسانیت سوز مظالم کی بھی قابل مذمت خبریں آ رہی ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر متحرک سفارت کاری جاری رکھے ہوئے ہے اور پوری دُنیا میں بھارت کا بدنما چہرہ بے نقاب کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد یہ دیکھنا ہو گا کہ مودی کی ہندو انتہا پسند فاشسٹ حکومت سپریم کورٹ کے اس حکم نامے پر کس حد تک عمل کرتی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی تمام سنجیدہ سیاسی قیادت اُصولی طور پر متحد ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن کی جانب سے نام نہاد آزادی مارچ کی کال مولانا فضل الرحمن کو پوری پاکستانی قوم کے سامنے مزید بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ مولانا فضل الرحمن کی کسی ذاتی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ہر قسم کی سازش کو ناکام بنا دیں گے۔ وفاقی وزیر نے ایک بارپھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور کشمیریوں کو اُن کا حق خو دارادیت دلوانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات