تبدیلی سرکار کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی نے عوام کو سانس ہی نہیں لینے دیا: اشرف بھٹی

منگل 17 ستمبر 2019 23:48

-لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2019ء) پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار کبھی سرکاری ہسپتالوں سے مفت ٹیسٹوں کی سہولت کو ختم کرتی ہے تو کبھی سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی سہولت کو ختم کرتی ہے اور اب خاموشی کے ساتھ حکومت نے بجلی کے بلوں میں کچھ یونٹ پیسوں کا اضافہ بھی کردیا ہے سمجھ نہیں آ رہی ہے کہ حکومت عام آدمی کو کس بات کی تکلیف دے رہی ہے حکومت کا بس نہیں چل رہا ہے کہ وہ عام آدمی پر ایک مرتبہ ہی مہگائی کا کوئی بم برسادے اس وقت تبدیلی سرکار کی وجہ سے عام آدمی کا جینا دوبھر ہو چکا ہے اور وہ ہاتھ اٹھا کر اس حکومت سے نجات کی دعائیں مانگ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ اپنے آفس میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی سرکار کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی نے عوام کو سانس ہی نہیں لینے دیا،نہ ہی حکمرانوں کو بھیک مانگنے سے فرصت ملی،اناڑی حکمرانوں سے حکومت نہیں چل رہی ان سے انتقامی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں ہو پا رہا،کنٹینر پر کھڑے ہو کرعوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو کنٹینر کے نیچے ہی دبا دیا ہے ۔ حکمرانوں کی نا اہلی اور نالائقیوں کی وجہ سے امن و امان کی صورت حال کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کا بھی برا حال ہو چکا ہے۔