سانحہ کرائسٹ چرچ سیاہ ترین دن تھا،ہمیش میک ماسٹر

ّ نیوزی لینڈ ہمیشہ سے امن پسند ملک رہا ہے ، ایسے واقعات کی قطعی گنجائش نہیں ،ہائی کمشنر

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:57

ٰکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنر مسٹر ہمیش میک ماسٹر کا کہنا ہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ سیاہ ترین دن تھا، نیوزی لینڈ ہمیشہ سے امن پسند ملک رہا ہے، ایسے واقعات کی قطعی گنجائش نہیں۔ وہ کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کے سی ایف آر بریک فاسٹ ڈائیلاگ میں چیئرمین کونسل اکرام سہگل، معین فڈا، جنرل سیکریٹری کموڈور ریٹائرڈ سدید اے ملک، لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ معین الدین حیدر، ہائی کمشنر کی اہلیہ، اراکین بورڈ آف گورنرز و دیگر مہمان بڑی تعداد میں شریک تھے۔

ہائی کمشنر مسٹر ہمیش میک ماسٹر نے کہا کہ کرائسٹ چرچ سانحہ نیوزی لینڈ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، وہ واقعے پر انتہائی افسردہ تھے، اس میں 09 پاکستانی بھی قتل ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرائسٹ چرچ کے بعد ہم نے خطرناک ہتھیاروں پر فوری پابندی لگائی، وزیراعظم نیوزی لینڈ نے فوری اقدامات کیے اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ نیوزی لینڈہمیشہ سے امن پسند ملک رہا ہے، ایسے واقعات کی قطعی گنجائش نہیں۔

مسٹر ہمیش نے کہا کہ واقعے کے فوری بعد وزیراعظم پاکستان نے بھی اظہار ہمدردی کیا جس پر شکرگزار ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ہائی کمشنر نے بتایا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 160 ملین ڈالرز ہے، پاکستان کے پی ایچ ڈی طالب علموں کی ایک بڑی تعداد نیوزی لینڈ میں زیرتعلیم ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر پر تناوؤکم کرنے کے لیے نیوزی لینڈ مستقل کوششیں کر رہا ہے، ہم سرحدی تنازعات سے ویسے دور رہتے ہیں، نیوزی لینڈ میں کشمیری کمیونٹی ہے، چاہتے ہیں مسئلہ کشمیر جلد حل ہو۔

کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق سوال پر مسٹر ہمیش نیکہاکہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کا فیصلہ آئی سی سی کرے گا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں چیئرمین کے سی ایف آر اکرام سہگل نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا کردار ہمیشہ قابل تعریف رہا ہے، کرائسٹ چرچ سانحے پر وزیراعظم نیوزی لینڈ کے قائدانہ کردار نے سب کے دل جیت لیے۔ اکرام سہگل نے کہا کہ پاکستانی عوام وزیراعظم نیوز ی لینڈ کے اظہار ہمدردی کے معترف ہیں۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین کے سی ایف آرنے انہیں کونسل کانشان پیش کیا۔#