پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن کا عالمی دن کل21ستمبر بروزہفتہ کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا

جمعرات 19 ستمبر 2019 23:05

دریاخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن کا عالمی دن کل21ستمبر بروزہفتہ کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر مختلف بین الاقوامی اور ملکی تنظیموں سمیت امن کیلئے جدو جہد کرنے والی این جی اوز کے زیر اہتمام خصوصی ورکشاپس ، سیمینارز، کانفرنسز ، مباحثوں ، مذاکروں اور دیگر تقریبات کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں سیاست ، صحافت ، وکالت ، صنعت و حرفت،تجارت سمیت مختلف اہم شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات خطاب کریں گی اس موقع پر امن کی اہمیت و افادیت اور اس کے ملکی معیشت و اقتصادیات ، کاروبار و تجارت ، علاقائی تعمیر و ترقی ، غربت و بے روز گاری اور مہنگائی و بد امنی ، افرا تفری و اضطراب کے خاتمہ سمیت دیگر مثبت اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ نے امن کے نظریات کے فروغ اور جمہوریت کی آبیاری کیلئے اس بار عالمی یو م امن کا عنوان ''اپنی آواز کو بااثر بنائیں ،اپنی رائے کا اظہار کریں ''رکھا ہے ۔مذکورہ عالمی دن کا آغاز چونکہ پہلی مرتبہ عدم تشدد اور سیزفائر لائن کے طورپر 21ستمبر 1981 کو کیاگیا تھا اسلئے اس بار عالمی یوم امن کی 38ویں سالگرہ بھی منائی جائیگی۔امن کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر کی توجہ مختلف ممالک کے درمیان وجہ عناد بننے والے مسائل کے حل اور اندرونی خلفشار سے نجات کیلئے اقدامات کی جانب مبذول کروائی جائے گی تاکہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر اخوت ویگانگت کی فضا کو فروغ حاصل ہو سکے۔

انٹر نیشنل ڈے آف پیس کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کرے گا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا جائے گا۔